نوازشریف کی تضحیک کی جارہی ہے، رحم کی بھیک نہیں چاہیے، مریم نواز
سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ اُن کے والد کی تضحیک کی جارہی ہے، انہیں ایک ہسپتال سے دوسرے ہسپتال لے کر جایا جاتا ہے، ہمیں رحم کی اپیل نہیں چاہیے۔
آج (جمعرات کو) سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نواز شریف سے اُن کی والدہ اور صاحبزادی مریم نواز نے سروسز ہسپتال میں ملاقات کی، جس کے بعد انہیں سخت سیکیورٹی میں سروسز ہسپتال سے کوٹ لکھپت جیل منتقل کردیا گیا۔
والد سے ملاقات کے بعد مریم نواز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف کی تضحیک کی جارہی ہے،ہمیں رحم کی بھیک نہیں چاہیے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ نوازشریف کو ایک ہسپتال سے دوسرے ہسپتال لے جایا جارہا ہے،اس شخص کی صحت سے کھلواڑ کیا جارہا ہے جو 3مرتبہ وزیراعظم رہ چکا ہے۔
مزید پڑھیں: نواز شریف بہت جلد عوام کے درمیان ہوں گے،مریم نواز
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے میڈیکل بورڈ حکومت نے خود بنائے، میڈیکل بورڈ میں ہماری طرف سے کوئی شامل نہیں تھا۔
ذرائع کے مطابق مریم نواز والد کے لیے ترکش قہوہ،کڑی، قورمہ اور تلوں والے کلچے لے کر آئیں،نواز شریف کی ہدایت پر عملے کو ترکش قہوہ پیش کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اس موقع پر طبی ماہر نے کہا کہ نوازشریف کو پرہیزی کھانا کھانا چاہیے،گھر سے لائےگئے کھانے پرہیزی نہیں۔