خیبرپختونخوا: ٹریفک حادثے میں 13 افراد جھلس کر جاں بحق
انڈس ہائی وے کے قریب کار اور مسافر بس آپس میں ٹکراگئیں جس کے بعد آگ بھڑک اٹھی، 4 زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے، حکام
خیبرپختونخوا (کے پی) کے ضلع کرک میں کار سے ٹکرانے کے بعد مسافر ویگن میں آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں 13 افراد جاں بحق اور 4 مسافر زخمی ہوگئے۔
ریسکیو عہدیداروں کے مطابق پشاور سے ڈیرہ اسمٰعیل خان جانے والی وین کرک کے قریب انڈس ہائی وے میں سپنہ بانڈہ کے مقام پر کار سے ٹکرائی جس کے بعد ویگن میں آگ بھڑک اٹھی۔
ان کا کہنا تھا کہ ویگن میں آگ لگنے سے 13 مسافر جھلس کر جاں بحق ہوئے اور زخمی مسافروں کو امدادی رضاکاروں اور مقامی افراد نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہستپال (ڈی ایچ کیو) کرک منتقل کردیا۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق کئی زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
ادھر ضلع لکی مروت میں انڈس ہائی وے پر باست خیل پھاٹک کے قریب شدید دھند کے باعث دو مسافر بسیں آپس میں ٹکراگئیں جس کے نتجے میں ایک مسافر جاں بحق اور دیگر 10 زخمی ہوگئے۔