طالبان نے افغانستان میں ’نئے آئین‘ کا مطالبہ کردیا
روس میں جاری امن مذاکرات میں طالبان نے کابل کے لیے ’اسلامی نظام‘ کا وعدہ بھی کیا، رپورٹ
روس میں سینئر افغان سیاست دانوں کے ساتھ غیر معمولی مذاکرات میں طالبان نے جنگ زدہ افغانستان کے لیے ’نئے آئین‘ کا مطالبہ کردیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق ماسکو میں افغان رہنماؤں سے مذاکرات کے دوران طالبان نے افغانستان کے لیے ’اسلامی نظام‘ کا وعدہ بھی کیا۔
یہ بھی پڑھیں: قطر: امریکا اور طالبان کے درمیان تعطل کا شکار مذاکرات دوبارہ بحال
طالبان رہنماؤں، افغانستان کے سابق صدر حامد کرزئی، اپوزیشن رہنما اور قبائلی علما مذاکراتی عمل میں شامل ہیں تاہم کابل حکومت کے حکام مذاکرات کا حصہ نہیں۔
طالبان وفد کے ترجمان شیر محمد عباس نے ماسکو میں کہا کہ ’کابل حکومت کا آئین غیر موزوں ہے جسے مغربی ملک سے حاصل کیا گیا اور امن کی راہ میں رکاوٹ ہے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم اسلامی آئین چاہتے ہیں اور نیا منشور اسلامک اسکالرز تشکیل دیں گے‘۔