ڈی جی آئی ایس پی آر سے پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی کی ملاقات
ڈیرن سیمی جس طرح پاکستان سے محبت کرتے ہیں پاکستانی قوم کے بھی ان کے لیے یہی جذبات ہیں، میجر جنرل آصف غفور
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل آصف غفور سے پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی اور فرنچائز چیئرمین جاوید آفریدی نے ملاقات کی۔
میجر جنرل آصف غفور نے ڈیرن سیمی کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا۔
انہوں نے ڈیرن سیمی کی ایک بار پھر پاکستان آمد اور پاکستانیوں سے محبت کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈیرن سیمی جس طرح پاکستان سے محبت کرتے ہیں پاکستانی قوم کے بھی ان کے لیے یہی جذبات ہیں۔
میجر جنرل آصف غفور نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے بھی ڈیرن سیمی کو پاکستان میں خوش آمدید کہا اور امید ظاہر کی کہ گزشتہ دو سالوں کی طرح اس سال بھی پاکستان میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میچز کامیابی سے ہمکنار ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل: پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی پاکستان پہنچ گئے