افغانستان: طالبان کا آرمی بیس پر حملہ، 26 افغان فوجی ہلاک
افغانستان میں افغان طالبان نے صوبہ قندوز میں قائم آرمی بیس پر حملہ کرکے 26 سیکیورٹی اہلکاروں کو ہلاک کردیا۔
صوبائی کونسل کے سربراہ محمد یوسف ایوب نے خبررساں ادارے اے اپی کو بتایا کہ طالبان کے حملے میں 3 مقامی پولیس اہلکاروں سمیت 23 فوجیوں ہلاک ہوئے۔
اس حوالے سےان کا کہنا تھا کہ ’حملے میں 12 افغان فوجی بھی زخمی ہوئے تاہم نئی فوجی کمک کے بعد افغان طالبان نے پسپائی اختیار کی‘۔
یہ بھی پڑھیں: افغان امن عمل: طالبان اور امریکی حکام کے درمیان قطر میں مذاکرات
دوسری جانب طالبان کے ترجمان ذبیع اللہ مجاہد نے تصدیق کی کہ طالبان نے قندوزحملے میں سیکیورٹی اہلکاروں کو ہلاک کیا اور 3 چیک پوائنٹ کو تباہ کردیا۔
اس سے قبل طالبان نے شمالی صبوے بغلان اور سمنگان میں افغان پولیس اور ملشیا پر حملہ کرکے خاتون سمیت 21 سیکیورٹی اہلکاروں کو ہلاک کردیا تھا۔
افغانستان کے شمالی صوبے بغلان میں طالبان جنگجوؤں نے افغان پولیس چوکی پر حملہ کرکے 11 اہلکاروں کو ہلاک کیا۔
خیال رہے کہ طالبان کی جانب سے پرتشدد کارروائی ایسے وقت پر کی گئی جب روس میں طالبان اور افغان رہنماؤں کے مابین امن مذاکرات کا عمل جاری ہے۔