پیرس کی عمارت میں آگ لگنے سے 9 افراد ہلاک
فرانس کے دارالحکومت پیرس کے پرتعیش علاقے کی عمارت میں آگ لگنے سے کم از کم 9 افراد ہلاک اور فائر فائٹرز سمیت 28 افراد زخمی ہو گئے۔
جنوب مغربی پیرس کے 16ویں ڈسٹرکٹ کی آٹھ منزلہ عمارت میں لگنے والی آگ گزشتہ چند سالوں میں پیرس میں آتشزدگی کا سب سے خطرناک واقعہ ہے۔
آگ عمارت کی بالائی منزلوں پر لگی جس پر کئی گھنٹوں بعد قابو پایا گیا۔ فائر فائٹرز نے انتہائی کوششوں کے بعد دھویں کے بادلوں اور شدید آگ میں پھنسے ڈرے سہمے رہائشیوں کو عمارت سے نکالا۔
مزید پڑھیں: امریکا: ’کیلیفورنیا میں لگنے والی آگ سے 1000 سے زائد افراد لاپتہ‘
حادثے میں 6 فائر فائٹرز سمیت 28 افراد زخمی بھی ہوئے۔
پیرس کے پراسیکیوٹر نے منگل کی صبح جائے وقوعہ پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ایک خاتون کو واقعے میں ملوث ہونے کے شبے پر گرفتار کیا گیا ہے اور وہ اس وقت وہ ہماری تحویل میں ہیں۔
خاتون کے خلاف املاک کو آگ لگانے کے جرم میں مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔