پاکستان

ڈیرن سیمی کی آرمی پبلک اسکول آمد، شہدا کو خراج عقیدت پیش

پشاور کے لوگوں سے ملنے والی محبت سچی ہے، میں ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں، کپتان پشاور زلمی

پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے آرمی پبلک اسکول (اے پی ایس) کا دورہ کیا اور 4 سال قبل دہشت گردی کے نتیجے میں شہید ہونے والے طلبہ اور اساتذہ کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی کٹ کی تقریب رونمائی کے سلسلے میں پشاور پہنچے، جہاں انہوں نے آرمی پبلک اسکول کا دورہ کیا۔

ڈیرن سیمی کے ہمراہ ٹیم کے تجربہ کار کھلاڑی اور وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل بھی موجود تھے۔

پشاور زلمی کے کپتان نے سانحہ آرمی پبلک اسکول اور حملے میں متاثر ہونے والے طالبِ علموں سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل: پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی پاکستان پہنچ گئے

انہوں نے اسکول آڈیٹوریم میں اپنے اعزاز میں ہونے والی تقریب سے خطاب بھی کیا اور 16 دسمبر 2016 کو دہشت گردی کا شکار بننے والے طلبہ کو خراج عقیدت پیش کیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے ایک پیغام میں کہا کہ ڈیرن سیمی کی اے پی ایس آمد سے طلبہ کے چہروں پر خوشی بکھر گئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پشاور زلمی کو اپنے مداحوں پر فخر ہے جو ان سے اتنا محبت کرتے ہیں، تاہم ہم بھی اس محبت کو لوٹانے کے طریقے ڈھونڈتے رہتے ہیں۔

پشاور زلمی کی پی ایس ایل 2019 کے لیے کٹ اور ترانے کی تقریب رونمائی کے لیے آنے والے ڈیرن سیمی نے بھی پشاور کے عوام سے ملنے والی محبت کا جواب دینے میں دیر نہیں لگائی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ہی ڈیرن سیمی نے پیغام میں پشاور کے لوگوں سے ملنے والی محبت کو سچی محبت قرار دیتے ہوئے پشاور کے باسیوں کا شکریہ ادا کیا۔