جالندھر میں تیندوے نے دہشت پھیلادی، حملے میں 4 افراد زخمی
تیندوے کے آنے سے پورے شہر میں کئی گھنٹوں تک دہشت کا سماں رہا، واقعے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔
بھارتی ریاست پنجاب کے شہر جالندھر میں تیندوے کے آنے سے پورے شہر میں کئی گھنٹوں تک دہشت کا سماں رہا اور چھ گھنٹے کی سخت محنت کے بعد بالآخر اسے بے ہوش کر کے قابو کر لیا گیا۔
8لاکھ نفوس پر مشتمل اس شہر میں تیندوا کئی گھنٹوں تک گلیوں اور سڑکوں کی دہشت کی علامت بنا گھومتا رہا اور اس دوران متعلقہ حکام کی اسے پکڑنے کی تمام تر کوششیں ناکام ہو گئیں۔
مزید پڑھیں: جب ایک شیر کا سامنا 20 لگڑ بھگوں سے ہوا
جمعرات کو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں تیندوے کو شہر بھر میں ادھر سے ادھر بھاگتے دیکھا جا سکتا ہے۔
تیندوے کے حملے کے نتیجے کل چار افراد زخمی ہوئے لیکن ان تمام افراد کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
یہ تمام افراد تیندوے کو دیکھنے کے لیے جمع ہوئے تھے لیکن بعدازاں شہر سے بھاگنے کے لیے کوشاں جنگلی جانور کے حملے میں زخمی ہو گئے۔