مہوش حیات اور فہد مصطفیٰ کے درمیان سرد جنگ؟
شوبز انڈسٹری میں کسی سے اختلاف یا پھر کسی سے تعلق استوار کرنے کا بظاہر کوئی اصول نہیں ہوتا یا یوں کہیے کہ اختلافات اور تعلقات اس انڈسٹری کا حصہ ہیں۔
پاکستانی شوبز انڈسٹری میں بھی اداکار ایک دوسرے اختلافات اور تعلقات استوار کرتے نظرآتے ہیں۔
اب اداکار فہد مصطفیٰ اور مہوش حیات کی جانب سے کسی کا نام لیے بغیر سوشل میڈیا پر تنقید کیے جانے سے ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ دونوں میں سرد جنگ شروع ہوچکی ہے۔
اس سرد جنگ کی شروعات کچھ دن قبل فہد مصطفیٰ نے کسی کا نام لیے بغیر ایک ٹوئیٹ کے ذریعے کی۔
فہد مصطفیٰ نے اپنی ایک ٹوئیٹ میں کسی شخصیت یا ویب سیریز کا نام لیے بغیر ویب سیریز کے مواد کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور کہا تھا کہ عریانیت پر مبنی سیریز کو اظہار رائے کی آزادی کا نام نہیں دیا جاسکتا۔
اداکار نے کسی بھی ویب سیریز، اداکار اور ہدایت کار کا نام لیے بغیر لکھا تھا کہ ’ویب سیریز میں سیکس اور عریانیت کی بات کرنا اظہار رائے کی آزادی نہیں‘۔
یہ بھی پڑھیں: ’سیکس اور عریانیت پر بات کرنا اظہار رائے کی آزادی نہیں‘: فہد مصطفیٰ
اداکار نے اپنی ٹوئیٹ میں لکھا تھا کہ عریانیت کی تشہیر، نامناسب زبان کا استعمال اور صرف سیکس پر بات کرنے کو مواد نہیں کہتے اور اسے اظہار رائے کی آزادی قرار دینا یا کہنا بند کریں۔