پاکستان

پہلا ٹی ٹوئنٹی: ویسٹ انڈیز کی خواتین ٹیم نے پاکستان کو 71 رنز سے شکست دے دی

میچ کراچی کے ساؤتھ اینڈ کلب گراؤنڈ میں کھیلا گیا، جہاں گرین شرٹس نے اپنا 100واں بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا تھا۔

کراچی: ویسٹ انڈیز کی خواتین کرکٹ ٹیم نے 3 میچز کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم کو 71 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 سے برتری حاصل کرلی۔

ویسٹ انڈیز کی خواتین کرکٹ ٹیم نے پاکستانی ٹیم کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ٹاس چیت کا بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 20 اوور میں 2 کھلاڑیوں کے نقصان پر 160 رنز بنائے۔

دیاندرا ڈوین نے پاکستانی بالروں کے خلاف جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 4 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 60 گیندوں پر 90 رنز بنائے۔

ان کے علاوہ چیدین نیشنل نے 35 گیندوں پر 50 رنز اسکور کیے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے 161 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم کی جانب سے اچھا کھیل پیش نہ کیا جاسکا اور پوری ٹیم 89 رنز بنا کر آوٹ ہوگئی۔

مزید پڑھیں: ویسٹ انڈیز کی خواتین کرکٹ ٹیم ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے کراچی پہنچ گئی

پاکستان کی جانب سے بسمہ معروف نے 38 جبکہ جوریہ خان نے 19 رنز اسکور کیے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں کوئی بھی ڈبل کے فیگر میں نہ جاسکا۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے ایس ایس کونیل نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

کل بھی دونوں ٹیمیں اپنا دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ ساوتھ اینڈ کلب میں ہی کھلیں گی۔

خواتین ٹمیوں کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ ساؤتھ اینڈ کلب گراؤنڈ میں کھیلا گیا، جہاں گرین شرٹس اپنا 100واں بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی میچ کھیل رہی تھیں۔

واضح رہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز ویمنز ٹیموں کے درمیان تین میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز آج (31 جنوری) سے ہوگیا ہے جبکہ دوسرا ٹی ٹوئنٹی یکم فروری اور تیسرا 3 فروری کو کھیلا جائے گا۔

یہ تینوں میچز 31 جنوری، یکم اور 3 فروری کو ساؤتھ اینڈ کلب میں کھیلے جائیں گے جس کے بعد دونوں ٹیمیں دبئی میں 7، 9 اور 11 فروی کو ایک روزہ میچز کھیلیں گی۔

اس سے قبل مارچ/ اپریل 2014 میں ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم نے پاکستان کے ساتھ ٹیسٹ سیریز اور 7 ایک روزہ میچز کی سیریز کھیلی تھی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلی گئی ٹیسٹ سیریز تو برابر رہی تھی تاہم ون ڈے سیریز میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 2-5 سے شکست دی تھی۔

گزشتہ روز ویسٹ انڈیز کی خواتین کرکٹ ٹیم ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے کراچی پہنچی تھی جہاں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) انتظامیہ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا تھا۔

واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کی خواتین کرکٹ ٹیم 15 برس بعد پاکستان آئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ویسٹ انڈیز کی خواتین کرکٹ ٹیم 15 سال بعد پاکستان کا دورہ کرے گی

پاکستان روانگی سے قبل دبئی ایئرپورٹ پر کیریبئن ٹیم کی کپتان میریسا کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ویمنز انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا حصہ بننے پرخوشی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’مجھے یہ جان کر بہت خوشی ہوئی کہ ہماری ٹیم نے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی میں اپنا کردار ادا کیا، کسی ٹیم کو تو ابتداء کرنی تھی اور ہماری ٹیم نے یہ قدم اٹھایا‘۔

اسکواڈ

پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم: بسمہ معروف (کپتان)، امین انور، عالیہ ریاض، انعم امین، دیانا بیگ، ارم جاوید، جوریہ خان، ناصرہ سندھو، نتالیہ پرویز، ندا ڈار، ثنا میر، سدرہ امین، سدرا نواز (وکٹ کیپر) اور عمیمہ سہیل۔

ویسٹ انڈیز کی خواتین کرکٹ ٹیم: میریسا ایگویلیریا (کپتان)، شیمائن کیمپ بیلے، شامیلا کونیل، دیاندرادوتن، ایفے فلیچر، چینلی ہینری، کیسکا کنائٹ، نتاشا مکلین، انیسا محمد، چیدین نیشنل، کرشمہ ریمہارک، شکیرہ سلیمان اور راشدا ویلیمز۔

سیریز کا شیڈول

31 جنوری – پہلا ٹی ٹوئنٹی، ساؤتھ اینڈ کلب، کراچی

1 فروری – دوسرا ٹی ٹوئنٹی، ساؤتھ اینڈ کلب، کراچی

3 فروری – تیسرا ٹی ٹوئنٹی، ساؤتھ اینڈ کلب کراچی

7 فروری – پہلا ون ڈے، دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم (آئی سی سی ویمن چیمپیئن شپ)

9 فروری – دوسرا ون ڈے، آئی سی سی ایکیڈمی، دبئی (آئی سی سی ویمن چیمپیئن شپ)

11 فروری – تیسرا ون ڈے، آئی سی سی ایکیڈمی، دبئی (آئی سی سی ویمن چیمپیئن شپ)