'ڈپریشن کے بارے میں بات کرنے سے مجھے بہت زیادہ مدد ملی'
معروف اداکار اور ڈی جے محسن عباس حیدر نے ڈپریشن کے خلاف جنگ میں سپورٹ کرنے پراپنے دوستوں اور مداحوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔
منگل کی رات انسٹاگرام پر ایک ویڈیو ہیش ٹیگ لو اینڈ پیس اس آل وی نیڈ کے ساتھ شیئر کرتے ہوئے لوگوں کو مشورہ دیا کہ اپنی زندگی میں موجود زہریلے افراد سے چھٹکارا پالیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈپریشن کے بارے میں بات کرنے پر وہ بہتر محسوس کررہے ہیں 'میں آپ سب کے پیغامات، محبت، تعاون اور تشویش کے لیے شکرگزار ہوں جو آپ میرے ڈپریشن کے حوالے سے ظاہر کیا۔ ہم سب اس طرح کے مراحل سے گزرتے ہیں، ہم سب ہی کسی طرح اپنی زندگیوں اس سے دوچار ہوتے ہیں، کئی بار ہم اس پر بات کرتے ہیں، میں نے بھی ایسا کیا اور اس سے مجھے بہت زیادہ مدد ملی'۔
مزید پڑھیں : ’ڈپریشن جلد میری جان لے لے گا‘
انہوں نے مزید کہا 'میں ایسا فرد نہیں جو اپنی ذاتی زندگی کے بارے میں بہت زیادہ شیئر کرتا ہے لیکن جب برداشت ختم ہوجاتی ہے تو آپ شیئر کرتے ہیں اور میں نے بھی ایسا کیا، اور جس طرح انڈسٹری کے لوگوں، میرے ساتھی اداکاروں، دوستوں اور دنیا بھر سے لوگوں نے مجھے پیغامات بھیجے، مجھے لگتا ہے کہ آپ کو اسے چھپانا نہیں چاہئے، اس بارے میں بات کرنا مدد دیتا ہے اور ہمیں اس پر ضرور بات کرنی چاہئے'۔