وینزویلا میں بغاوت، کیا امریکا ایک اور فوج کشی کا ارادہ رکھتا ہے؟
وینزویلا میں حالیہ سیاسی واقعات ملک کو تباہ کن تنازع کی طرف دھکیل رہے ہیں۔ فوج کے حمایت یافتہ وینزویلا کے صدر نکولس مدورو اور ازخود ملک کے صدر ہونے کے دعویدار اپوزیشن لیڈر جوآن گوائیڈو میں شدید تقسیم نظر آرہی ہے۔ اس تقسیم کی وجوہات اندرونی حالات بھی ہیں لیکن انہیں بڑھاوا دینے میں امریکا کا ہاتھ زیادہ ہے، جس نے خفیہ منصوبے اور معاہدے کے تحت اپوزیشن لیڈر کو وینزویلا کا صدر تسلیم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
امریکا، کینیڈا اور لاطینی امریکا کے کئی ممالک اپوزیشن لیڈر جوآن گوائیڈو کو وینزویلا کا صدر مان چکے ہیں جبکہ روس، چین، ترکی اور ایران نکولس مدورو کو ہی آئینی صدر تسلیم کرتے ہیں۔
یہ حالات وینزویلا کو خانہ جنگی کی طرف دھکیل رہے ہیں۔ صدر نکولس مدورو اور اپوزیشن لیڈر جوآن گوائیڈو میں سے کوئی بھی ہار ماننے کو تیار نہیں، لہٰذا اگر ان حالات میں نئے انتخابات بھی ہوجائیں تب بھی حالات معمول پر آنے کے بجائے شاید مزید بگاڑ اور تقسیم کی طرف چلے جائیں۔
امریکا کی طرف سے اپوزیشن لیڈر جوآن گوائیڈو کو صدر ماننے کا اعلان ایک طرح سے اشتعال انگیزی ہے۔ مسئلہ یہ ہے کہ امریکا لاطینی امریکا کے ملکوں میں کامیاب مداخلت کے ذریعے حکومتیں بدلنے کا ریکارڈ رکھتا ہے۔ واشنگٹن کی مداخلت سے لاطینی امریکا کے ممالک میں گزشتہ ایک صدی کے عرصے میں درجنوں حکومتیں تبدیل ہوچکی ہیں اور ان حکومتوں کی تبدیلی کے لیے امریکا نے فوجی مداخلت سے بھی گریز نہیں کیا۔ واشنگٹن لاطینی امریکا میں کبھی اپنے کاروباری مفادات کے لیے حکومتیں تبدیل کرتا ہے تو کبھی بائیں بازو کی حکومتوں کا تختہ الٹ کر دائیں بازو کے سیاستدانوں کو آگے لاتا ہے۔
- 1846ء میں واشنگٹن نے میکسیکو پر فوج کشی کی اور 1847ء میں میکسیکو سٹی پر قبضہ کیا۔ ایک امن معاہدے کے نتیجے میں امریکا نے میکسیکو کے نصف حصے پر قبضہ کرلیا اور اب بھی ریاست ہائے متحدہ امریکا کا اکثر مغربی علاقہ اسی قبضہ کئے گئے علاقے پر مشتمل ہے۔
- 1903ء میں امریکا نے کولمبیا سے پاناما کی آزادی کا منصوبہ تشکیل دیا جس کی کامیابی کے نتیجے میں امریکا کو پاناما کینال کے ذریعے اٹلانٹک اور پیسیفک بحری راستوں پر مکمل کنٹرول مل گیا۔
- 1903ء ہی میں کیوبا اور واشنگٹن کے درمیان ایک معاہدے پر دستخط ہوئے جس سے امریکا کو کیوبا کے معاملات پر مکمل کنٹرول مل گیا اور امریکا نے گوانتانا موبے میں فوجی اڈا قائم کرلیا۔
- 1914ء میں امریکی فوج نے میکسیکو کی بندرگاہ ویراکروز پر 7 ماہ کے لیے قبضہ کرلیا تاکہ میکسیکو کے انقلاب میں حالات کو اپنی مرضی کے مطابق ڈھالا جاسکے۔
- 1954ء میں امریکی سی آئی اے نے گوئٹے مالا کے صدر اوکوبو اربنز کا تختہ الٹا۔
- 1961ء میں واشنگٹن نے ماسکو کے حمایت یافتہ کیوبا کے صدر فیدل کاسترو کا تختہ الٹنے کی کوشش کی لیکن ناکام رہا۔ اس ناکامی کے باوجود امریکا نے صدر کاسترو کی حکومت گرانے اور انہیں قتل کرانے کی کوششیں جاری رکھیں۔
- 1964ء میں امریکا نے برازیل کے صدر یاؤ گولار کا تختہ الٹ کر فوجی حکومت بنوائی جو 1980ء تک قائم رہی۔
- 1965ء میں ڈومینیکن ری پبلک میں خانہ جنگی کے دوران امریکا نے فوج اتاری۔
- 1970ء میں ارجنٹائن، چلی اور جنوبی امریکا کی حکومتوں نے آپریشن کے ذریعے بائیں بازو کے سیاستدانوں اور کارکنوں کا قتل عام کیا اور انسانی حقوق تاراج کئے۔ اس آپریشن کو آپریشن کونڈور کے نام سے یاد کیا جاتا ہے اور ان میں بھی حکومتوں کو واشنگٹن کی مدد حاصل تھی۔
- 1980ء میں ریگن انتظامیہ نے نکاراگوا کی حکومت کے خلاف اینٹی کمیونسٹ فورسز کی مدد کی جبکہ سلواڈور میں بائیں بازو کے باغیوں کے خلاف بھی بھرپور کارروائی کی۔ 1983ء میں امریکا نے گریناڈا پر کیوبا کی کمیونسٹ حکومت کی حمایت کا الزام لگا کر فوج کشی کی۔
- 2002ء میں امریکا نے وینزویلا کے صدر ہیوگو شاویز کی حکومت کو اقتدار سے بے دخل کیا لیکن 2 دن بعد ہیوگو شاویز نے دوبارہ اقتدار سنبھال لیا۔ ہیوگو شاویز کی حکومت برطرف کرنے کے لیے بھی امریکا نے خفیہ مدد پہنچائی۔
- 2009ء میں ہنڈراس کی فوج نے صدر مینوئل زیلایا کا تختہ الٹا اور اس بغاوت کو بھی امریکا کی خاموش حمایت حاصل تھی۔
اس بار پھر امریکا نے وینزویلا کے صدر نکولس مدورو کی حکومت کا تختہ الٹنے کے لیے خاموشی سے منصوبہ بنایا ہے۔ اپوزیشن لیڈر جوآن گوائیڈو نے نکولس مدورو کے دوسری مدت صدارت کا حلف اٹھانے سے پہلے وسط دسمبر میں واشنگٹن، کولمبیا اور برازیل کا خفیہ دورہ کیا۔ اس دورے کے دوران جوآن گوائیڈو نے تینوں ملکوں کو صدارتی حلف سے پہلے اپوزیشن کی حکمت عملی سے آگاہ کیا کہ کس طرح اپوزیشن 10 جنوری کو حلف سے پہلے مظاہرے کرے گی۔ اس دوران بین الاقوامی برادری کو نکولس مدورو کے صدارتی الیکشن کی مذمت پر تیار کیا گیا اور ان کی حکومت کو تسلیم نہ کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔