پاکستان

امید ہے 'پی ایس ایل 5' کے تمام میچز پاکستان میں ہوں گے،فواد چوہدری

ہماری دعا،خواہش اور کوشش ہے دبئی میں یہ آخری پی ایس ایل ہو، وزیراطلاعات کا پی ایس ایل کے سلسلے میں افتتاحی تقریب سے خطاب

دبئی: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا اگلا ایڈیشن مکمل طور پر پاکستان میں منعقد ہونے کی امید ظاہر کردی۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی 'اے پی پی' کے مطابق فواد چوہدری نے آئندہ چند روز میں شروع ہونے والے پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن کے سلسلے میں منقدہ افتتاحی تقریب 'میدان سجانا ہے، پاکستان کی شان بڑھانا ہے' سے خطاب کرتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ پی ایس ایل کا یہ آخری ایڈیشن ہوگا جو پاکستان سے باہر کھیلا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 'ہماری دعا، خواہش اور کوشش ہے کہ دبئی میں یہ آخری پی ایس ایل ہو۔

وزیر اطلاعات نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ پی ایس ایل 4 کے میچز میں نیشنل اسٹیڈیم کراچی اور قذافی اسٹیڈیم لاہور کی جھلک نظر آئے گی۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا آغاز 14 فروری سے متحدہ عرب امارات میں ہوگا جہاں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان سپر لیگ کی تمام ٹیموں کی حتمی تفصیل

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان تابناک مستقبل کی طرف بڑھ رہا ہے، جنہوں نے 6 ماہ میں پاکستان کی خارجہ پالیسی کا پانسہ پلٹ کر رکھ دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند سالوں میں مشرق وسطیٰ میں ہمارا کردار ختم ہو گیا تھا، لیکن آج پاکستان اپنا عالمی تشخص دوبارہ حاصل کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان، مشرق وسطیٰ میں امن کے فروغ میں اہم شراکت دار ہے۔