کھیل

بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں وہاب ریاض کی ہیٹ ٹرک

بی پی ایل میں کومیلا وکٹورینز نے کھلنا ٹائٹنز کو باآسانی 80 رنز سے پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر قبضہ جما لیا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر وہاب ریاض نے بنگلہ دیش پریمیئر لیگ(بی پی ایل) میں عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہیٹ ٹرک کا کارنامہ انجام دے دیا۔

پشاور زلمی کے سپر اسٹار وہاب ریاض پر ان دنوں قومی کرکٹ ٹیم کے دروازے بند ہیں لیکن انہوں نے پاکستان سپر لیگ سے قبل فارم میں واپسی کا ثبوت دیتے ہوئے ہیٹ ٹرک کا اعزاز حاصل کیا۔

بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں وہاب ریاض نے کومیلا وکٹورینز کی نمائندگی کرتے ہوئے آخری تین وکٹیں لے کر ہیٹ ٹرک کرنے کا کارنامہ انجام دیا۔

میچ کی دوسری اننگز میں وہاب ریاض نے لگاتار تیسری، چوتھی اور پانچویں گیند پر تین وکٹیں لے کر کھلنا کی اننگز تمام کی، انہوں نے 2.5اوورز میں14رنز کے عوض 3وکٹیں لیں۔

وہاب ریاض نے ٹوئٹر پیغام میں ہر ایک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی مستقل سپورٹ اور دعاؤں نے اس اعزاز کے حصول میں مدد کی۔

وہاب ریاض بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کی تاریخ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے پاکستان کے دوسرے اور مجموعی طور پر چوتھے بائولر بن گئے۔

بی پی ایل میں اس سے قبل ہیٹرک کرنے کا اعزاز پاکستان کے محمد سمیع، بنگلہ دیش کے الامین حسین اور ایلس اسلام کو حاصل ہے۔

سمیع نے 2012، الامین حسین نے 2015 جبکہ ایلس اسلام اور وہاب ریاض نے رواں لیگ کے دوران ہیٹ ٹرک کیں۔

کومیلا وکٹورینز کی فتح

بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں ایون لوئس کی ناقابل شکست سنچری اور وہاب ریاض اور شاہد آفریدی کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت کومیلا وکٹورینز نے کھلنا ٹائٹنز کو باآسانی 80 رنز سے ہرا کر چھٹی کامیابی حاصل کر لی اور فتح کے ساتھ ہی وکٹورینز نے پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن پر قبضہ جما لیا۔

کومیلا وکٹورینز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں پر 237 رنز بنائے، ایون لیوس نے جارحانہ اننگز کھیلتے ہوئے 10 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 109 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، کپتان امرالقیس 39 رنز بنا کر دوسرے نمایاں کھلاڑی رہے۔

جواب میں کھلنا ٹائٹنز کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں 18.5 اوورز میں 157 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، برینڈن ٹیلر کی 50 رنز کی اننگز بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی۔

وکٹورینز کے وہاب ریاض اور شاہد آفریدی نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔