امریکا سے تعلقات کی بحالی ہماری بڑی کامیابی ہے، وزیر خارجہ
وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان کی خواہش ہے کہ خطے میں امن ہو تاہم یہ مذاکرات کے بغیر ممکن نہیں
ملتان میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکا سے تعلقات کی بحالی پاکستان کی بڑی سفارتی کامیابی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مختلف ملکوں تک رسائی کے لیے علاقائی روابط قائم کیے ہیں اور وہ مستحکم اور پرامن خطے کے حصول کے لیے پرعزم ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ وہ منگل کے روز عمان کا دورہ کررہے ہیں جہاں وہ اومان کی قیادت کے ساتھ دوطرفہ تعلقات اور علاقائی تعاون کے تمام پہلوؤں پر تبادلہ خیال کریں گے۔
مزید پڑھیں: `’پاکستان کو بہترین ملک قرار دے دیا گیا‘
انہوں نے کہا کہ وہ آئندہ ماہ کی تین تاریخ کو برطانیہ کا دورہ کریں گے جہاں وہ دارالعوام میں مسئلہ کشمیر اٹھاتے ہوئے اس بارے میں پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے اور مقبوضہ وادی میں بھارتی مظالم کو بے نقاب کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ افغانستان پر پاکستان کا مؤقف درست ثابت ہوا اور ہماری کوششوں ہی کی وجہ سے افغان امن مذاکرات ہوئے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا ہمارے خطے میں پیسوں کی نہیں، امن کی ضرورت ہے۔
گزشتہ روز شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ کئی ممالک نے پاکستان کی کامیاب خارجہ پالیسی کی وجہ سے اس کی معاونت پر رضامندی کا اظہار کیا ہے۔
اپنے حلقے کے وفود سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر کا تیل تاخیری ادائیگی سے دینے پر رضامندی ظاہر کی ہے جبکہ قطر نے بھی بھارت کے بجائے ہماری زراعتی اشیا کو در آمد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ‘امریکا اور پاکستان نے افغان عمل میں تعاون کی یقین دہانی کرائی‘
ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کا قطر کا دورہ کامیاب رہا، قطری امیر نے پاکستان میں ہاؤسنگ، زراعت اور دیگر شعبوں میں معاہدوں کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا تھا کہ حکومت نے تمام سفیروں سے معاشی سفارتکاری کرنے کا کہا ہے۔