کھیل

امام الحق ایک میچ کے فرق سے فخر زمان کا ریکارڈ نہ توڑ سکے

قومی ٹیم کے اوپنر امام الحق نے ون ڈے کرکٹ میں دوسرے تیز ترین ہزار رنز مکمل کرنے والے کھلاڑی بن گئے۔

سنچورین: قومی ٹیم کے اوپنر امام الحق نے ون ڈے کرکٹ میں دوسرے تیز ترین ہزار رنز مکمل کرنے والے کھلاڑی بن گئے اور ایک میچ کے فرق سے فخر زمان کا عالمی ریکارڈ نہ توڑ سکے۔

23سالہ امام الحق نے جنوبی افریقہ کے خلاف سنچورین میں کھیللے جا رہے تیسرے ون ڈے میچ میں کیریئر کے ہزار رنز مکمل کیے۔

انہوں نے اپنے 19ویں میچ میں یہ کارنامہ سر انجام دیا اور وہ 5سنچریوں اور5نصف سنچریوں کی مدد سے ایک ہزار سے زائد رنز مکمل کر چکے ہیں۔

ون ڈے کرکٹ میں کم ترین اننگز میں 1000رنز مکمل کرنے کا ریکارڈ پاکستان کے فخر زمان کے پاس ہے جنہوں نے گزشتہ سال زمبابوے کے خلاف پانچویں ون ڈے میچوں کی سیریز کے دوران اپنے کیریئر کی 18ویں اننگز میں ہزار ون ڈے رنز مکمل کرکے عظیم ویسٹ انڈین بلے باز سر ویوین رچرڈز کا 38سال پرانا ریکارڈ توڑا تھا۔

سر ویوین رچرڈز نے21اننگز کھیل کر یہ ریکارڈ اپنے نام کیا تھا جس کے بعد انگلینڈ کے سابق کپتان کیون پیٹرسن، برطانوی بلے باز جوناتھن ٹروٹ، جنوبی افریقی وکٹ کیپر بلے باز کوئنٹن ڈی کوک اور پاکستان کے بابر اعظم نے ان کا ریکارڈ برابر کیا تھا۔

ویسٹ انڈیز کے گورڈن گرینج، پاکستان کے اظہر علی اور ہالینڈ کے ریان ٹین ڈوئچے نے23 ون ڈ ے اننگز میں اپنے1000رنز مکمل کیے تھے۔