پاکستان

پاکستانی نژاد معروف شیف فاطمہ علی کینسر سے جنگ ہار گئیں

مشہور امریکی شو ٹاپ شیف میں شرکت سے شہرت حاصل کرنے والی پاکستانی نژاد فاطمہ علی کینسر سے طویل جنگ کے بعد انتقال کرگئیں۔

امریکا کے مشہور شو ٹاپ شیف میں شرکت سے شہرت حاصل کرنے والی پاکستانی نژاد فاطمہ علی کینسر سے طویل جنگ لڑنے کے بعد انتقال کرگئیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق فاطمہ علی جمعے کو طویل علالت کے بعد چل بسیں۔

29 سالہ فاطمہ علی نے دسمبر 2017 سے مارچ 2018 تک نشر ہونے والے اس امریکی شو میں شرکت کی تھی اور انہیں بہت زیادہ شہرت بھی حاصل ہوئی تھی۔

مزید پڑھیں : صرف ایک سال زندہ رہنے والی پاکستانی شیف کو 50 ہزار ڈالر کا تحفہ

گزشتہ سال اکتوبر میں انہوں نے کینسر کے مرض کا شکار ہونے کا انکشاف کرتے ہوئے بتایا تھا کہ اس مرض کے باعث ان کے پاس زندگی کا صرف ایک سال باقی بچا ہے، حالانکہ اس سے پہلے ڈاکٹروں نے اگست میں انہیں کینسر فری قرار دیا تھا مگر وہ پھر لوٹ آیا۔

ڈاکٹروں نے فاطمہ علی میں ہڈی کے کینسر کی ایک قسم ایوئنگ سارکوما کی تشخیص کی تھی۔

گزشتہ سال نومبر میں انہوں نے معروف امریکی کامیڈین ایلن ڈی جینرس کے شو دی ایلن شو میں شرکت کرتے ہوئے خواہش ظاہر کی تھی کہ وہ ایک سال میں دنیا بھر میں گھومنے کے ساتھ ہر جگہ کے پکوان سے لطف اندوز ہونا چاہتی ہیں۔

فاطمہ علی کے دوستوں نے ان کا خواب پورا کرنے کے لیے ’گو فنڈ می‘ نامی پیج بھی بنایا۔

تاہم ایلن نے انہیں ایک ایسا سرپرائز دیا جس سے فاطمہ کو انہیں اس فنڈز کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

ایلن نے اس شو کے دوران فاطمہ کو 50 ہزار ڈالر کا چیک دے کر حیران کردیا ۔

موت سے 2 ہفتے قبل انسٹاگرام پر اپنی آخری پوسٹ میں فاطمہ علی نے لکھا 'میں جانتی ہوں کہ کوئی پوسٹ کیے عرصہ ہوگیا اور بیشتر جاننا چاہتے ہوں گے ایسا کیوں ہوا۔ میں بیمار ہوں اور بدقسمتی سے اور زیادہ بیمار ہوچکی ہوں، اس وقت مجھے دعاﺅں کی ضرورت ہے، دعا بہت سادہ ہوتی ہے، کیونکہ ایک خواہش دیگر پر بہت زیادہ ذمہ داری ڈال دیتی ہے، میں توقع کرتی ہوں کہ اگر میں نے کسی کو تکلیف پہنچائی ہو تو وہ مجھے معاف کردے گا۔ میں آپ کا لاکھوں بار شکریہ ادا کرتی ہوں، میں ہر ایک کو اپنی حالت سے باخبر رکھنے کی کوشش کروں گی'۔

فاطمہ علی آخری بار اپنے ٹاپ شیف سیزن 15 کے ساتھیوں کے ساتھ گزشتہ ہفتے ملی تھی جس کی تصاویر اس شو میں شرکت کرنے والی تانیہ ہولانڈ نے کی تھیں۔