کھیل

آسٹریلین اوپن کے فائنل میں جوکووچ اور نڈال مدمقابل

عالمی نمبر ایک نوواک جوکووچ نے آسٹریلین اوپن کے سیمی فائنل لوکاس پاؤلی کو اسٹریٹ سیٹس میں شکست دی۔

عالمی نمبر ایک سربیا کے نوواک جوکووچ نے آسٹریلین اوپن کے سیمی فائنل میں لوکاس پاؤلی کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا جہاں ان کا مقابلہ رافیل نڈال سے ہو گا۔

میلبرن میں سال کے پہلے گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ میں عالمی نمبر ایک جوکووچ کا مقابلہ 28ویں سیڈ فرانس کے لوکاس پاؤلی سے ہوا جہاں انہوں نے یکطرفہ مقابلے کے بعد فتح حاصل کر کے فائنل میں جگہ بنائی۔

روڈ لیور ارینا میں کھیلے گئے میچ میں جوکووچ نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے 0-6، 2-6 اور 2-6 سے کامیابی اپنے نام کی اور فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

فائنل میں ان کا مقابلہ سیکنڈ سیڈ اسپین کے رافیل نڈال سے ہو گا اور یہ دونوں روایتی حریف 8ویں مرتبہ گرینڈ سلیم فائنل میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گے۔

عالمی نمبر دو رافیل نڈال نے اپنی فتوحات کے سلسلے کو برقرار رکھتے ہوئے سیمی فائنل میں یونانی کھلاڑی سٹیفانوس کو اسٹریٹ سیٹ میں 2-6، 4-6 اور 0-6 سے زیر کر کے فائنل میں جگہ بنائی تھی۔

جوکووچ اور نڈال اس سے قبل 2012 کے آسٹریلین اوپن کے فائنل میں بھی مدمقابل آ چکے ہیں جو اب تک کا طویل ترین گرینڈ سلیم فائنل ہے۔

پانچ گھنٹے 53 منٹ تک جاری رہنے والے اس فائنل میں جوکووچ نے آخری سیٹ 5-7 سے جیت کر چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔