افغان مفاہمتی عمل میں طالبان کی قیادت ملا عبدالغنی برادر کے سپرد
کابل: افغان طالبان کے شریک بانی ملا عبدالغنی برادر کو قطر میں قائم طالبان کے سیاسی مرکز کے سربراہ کے طور پر نامزد کرلیا گیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اب وہ افغانستان میں 17 سال سے جاری خون ریز جنگ کے خاتمے کے لیے امریکا کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے اہم کردار ادا کریں گے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق افغانستان میں طالبان کے ذرائع کا کہنا تھا کہ ملا عبدالغنی برادر کو گزشتہ برس اکتوبر میں پاکستان کی جیل سے رہا کیا گیا تھا اور اب انہیں افغان طالبان کی سیاسی ٹیم کی قیادت کرنے اور فیصلہ سازی کے اختیارات دے دیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ملا عبدالغنی برادر کو افغانستان کے مطالبے پر رہا کیا گیا، امریکا
اس سلسلے میں طالبان کی جانب سے ایک بیان بھی جاری کیا گیا جس میں ملا عبدالغنی برادر کی تعیناتی اور امریکا کے ساتھ جاری مذاکرات کی رفتار تیز کرنے کے لیے سینیئر رہنما کو اہم ذمہ داری سونپنے اور مذاکراتی ٹیم میں ردو بدل کرنے کا اعلان کیا گیا۔