کھیل

پی ایس ایل ڈرافٹ: اسمتھ کی جگہ رسل ملتان سلطانز کا حصہ بن گئے

پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے لیے 21ویں کھلاڑی کے انتخاب کے لیے منعقدہ ڈرافٹ کا عمل مکمل ہو گیا۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چوتھے ایڈیشن کے لیے 21ویں کھلاڑی کے انتخاب کے لیے منعقدہ ڈرافٹ کا عمل مکمل ہو گیا ہے جبکہ ملتان سلطانز نے اسٹیون اسمتھ کے متبادل کا اعلان کردیا۔

پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن کے لیے 21ویں کھلاڑی کے انتخاب کے لیے ڈرافٹ کا عمل آج لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں منعقد ہوا جس میں لیگ کی چھ میں سے چار فرنچائزوں نے اپنے اسکواڈ کو توسیع دیتے ہوئے 21ویں کھلاڑی کا انتخاب کیا۔

مزید پڑھیں: ملتان سلطانز کے اسٹیون اسمتھ پاکستان سپر لیگ سے باہر

ڈرافٹ کے دوران ملتان سلطانز نے انجری کے سبب لیگ سے باہر ہونے والے اسٹیون اسمتھ کی جگہ آندرے رسل کا انتخاب کیا۔

21ویں کھلاڑی کے انتخاب کا سلسلہ شروع ہوا تو ملتان سلطانز نے آل راؤنڈر حماد اعظم کا انتخاب کیا، جبکہ ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کھیل پیش کرنے والے سعد علی کو لاہور قلندرز نے اپنی ٹیم کا حصہ بنا لیا۔

کراچی کنگز نے بائیں ہاتھ کے اسپنر عمر خان کو ترجیح دی جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے محمد عرفان جونیئر کو اپنی فرنچائز میں شامل کر لیا۔

پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن کی فائنلسٹ ٹیموں پشاور زلمی اور دفاعی چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ نے 21ویں کھلاڑی کے نام کا اعلان نہیں کیا۔

ضرور پڑھیں: پی ایس ایل 4، علی ترین نے چھٹی ٹیم 6.35 ملین ڈالر میں خریدلی

اس کے ساتھ ٹیموں نے لیگ کے لیے اپنے متبادل کھلاڑیوں کے ناموں کا بھی اعلان کردیا جو غیرملکی کھلاڑیوں کی عدم دستیابی کے دوران خلا پر کریں گے۔

لاہور قلندرز نے متبادل کھلاڑیوں کے طور پر پہلے ہرڈس ولجوئن اور پھر ڈیوڈ ویز کا انتخاب کیا۔

ملتان سلطانز نے انگلینڈ کے جیمز ونس کو چنا جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لیگ کے ابتدائی میچ میں دستیاب نہ ہونے والے ڈیوین براوو کی جگہ ڈیوین اسمتھ کو منتخب کیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان سپر لیگ کی تمام ٹیموں کی حتمی تفصیل

پشاور زلمی نے افغانستان کے وقار سلام خیل کی جگہ آندرے فلیچر کو اسکواڈ کا حصہ بنایا۔

پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا آغاز 14 فروری سے متحدہ عرب امارات میں ہو گا جہاں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی۔