پاکستان

دباؤ میں کھیلنا آتا ہے، ملک کو مشکل وقت سے نکالیں گے، وزیر اعظم

وزیر اعظم عمران خان نے دوحہ میں پاکستانیوں سے خطاب سے قبل قطر کے امیر سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ امور پر بات ہوئی۔

دوحہ: وزیر اعظم عمران خان نے سمندر پار پاکستانیوں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ پاکستان کا پاسپورٹ ان کے لیے جلد فخر کا باعث ہو گا اور وہ دن آئے گا جب انہیں ملک سے باہر نوکریاں ڈھونڈنے کے لیے جانا نہیں پڑے گا۔

قطر کے دارالحکومت دوحہ کے اسٹیڈیم میں وزیر اعظم نے پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کیا جس کے ساتھ ان کا قطر کا 2 روزہ دورہ اختتام پذیر ہوا۔

وزیر اعظم نے خطاب میں امید ظاہر کی کہ پاکستان آنے والے وقتوں میں دیگر ملکوں کی طرح سیاحت کے شعبے سے بیش بہا آمدنی کما سکتا ہے، جس کی بدولت دیگر ملکوں سے ڈالر لینے کی ضرورت بھی نہیں پڑے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ملائیشیا اپنے ساحلوں کی بدولت سیاحت سے 20 ارب ڈالر کماتا ہے جبکہ ہماری کل تجارت 24 ارب ڈالر کی ہے، اسی طرح ترکی بھی سیاحت سے 40 ارب ڈالر کماتا ہے۔

انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان بھی سیاحت کے شعبے سے بہت زیادہ کمائی کر سکتا ہے کیونکہ ہمارے پاس موہنجو دڑو جیسی 5 ہزار سال پرانی تہذیب کی باقیات موجود ہیں جبکہ ملتان، پشاور اور لاہور سمیت ملک بھر میں بہترین سیاحتی مراکز موجود ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان کے خوبصورت پہاڑ دنیا بھر میں بہترین تصور کیے جاتے ہیں جبکہ ہندو، سکھ اور بدھ مت کے مقدس ترین مذہبی مقامات بھی ہمارے ملک میں موجود ہیں۔

وزیر اعظم نے کرکٹ کی زبان میں ملکی حالات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ مجھے دباؤ میں کھیلنا آتا ہے اور ہماری پارٹنرشپ لگنا شروع ہو گئی ہے، میں وعدہ کرتا ہوں کہ ملک کو مشکل وقت سے نکالیں گے اور وہ دن جلد آئے گا ہمارا ملک اس قابل ہو گا کہ آپ کو ملک سے باہر نوکریاں ڈھونڈنے کے لیے نہیں جانا پڑے گا۔

پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے مختلف ٹیکسوں کی تعداد 36 سے کم کر کے 16کردی گئی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ وہ بدعنوانی اور منی لانڈرنگ کے خلاف جنگ جاری رکھے ہوئے جسے اس کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی 5 ماہ کے دور حکومت کے دوران اب تک بدعنوانی کا کوئی اسکینڈل سامنے نہیں آیا ہے اور انشااللہ آگے بھی کوئی اسکینڈل سامنے نہیں آئے گا۔

امیر قطر سے ملاقات

وزیر اعظم عمران خان نے دورہ قطر کے دوران امیر قطر سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر اعظم عمران خان قطر کے امیر سے ملاقات کے لیے دیوان امیری پہنچے جہاں امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

شیخ تمیم بن حمد الثانی سے دیوان امیری میں ون ٹو ون ملاقات کے بعد وزیر اعظم اور امیر قطر کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔

وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق مذاکرات میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ نوعیت کے تمام امور بالخصوص اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو تقویت دینے سے متعلق معاملات پر بات چیت ہوئی۔

قطر کے امیر نے وزیراعظم اور ان کے وفد کے ارکان کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔

قبل ازیں وزیراعظم عمران خان سے قطر میں سکھ برادری کے نمائندوں نے ملاقات کی اور کرتارپور راہداری کا سنگ بنیاد رکھنے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا، جو دنیا بھر میں سکھ برادری کی دیرینہ خواہش تھی۔

اس موقع پر سکھ برادری کے نمائندگان نے کہا کہ کرتارپور راہداری کا سنگ بنیاد رکھ کر وزیراعظم عمران خان نے دنیا بھر میں سکھ برادری کے دل جیت لیے ہیں۔

یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان گزشتہ روز قطر کے 2 روزہ سرکاری دورے پر دوحہ پہنچے تھے، جہاں حمد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر قطر کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور سلطان بن سعد الموریخی نے ان کا استقبال کیا تھا۔

بعد ازاں وزیر اعظم عمران خان نے اپنے قطر کے ہم منصب عبد اللہ بن نصربن خلیفہ الثانی سے دوحہ میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات بالخصوص اقتصادی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

مزید پڑھیں: حکومت کا قطر کے ساتھ ایل این جی معاہدے کو برقرار رکھنے کا اعلان

قطر کے وزیر اعظم نے عمران خان اور اُن کے وفد کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان، امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کی دعوت پر قطر کا دورہ کر رہے ہیں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر پیٹرولیم غلام سرور خان، وزیراعظم کے مشیر عبدالرزاق داﺅد، وزیراعظم کے معاون خصوصی ذوالفقار بخاری، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ ہارون شریف اور چیئرپرسن ٹاسک فورس برائے توانائی ندیم بابر بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔