پاکستان

تحریک انصاف کی آصف زرداری کی نااہلی کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست

آصف زرداری نے2018کے کاغذات نامزدگی میں غلط بیانی کی، انہیں آرٹیکل62ون ایف کے تحت نااہل قراردیا جائے، درخواست میں استدعا
|

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عثمان ڈار نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی نااہلی کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ آصف علی زرداری نے 2018 کے کاغذات نامزدگی میں غلط بیانی کی، آصف علی زرداری نے فارم اے اور فارم بی میں بہت ساری غلط بیانیاں کی ہیں۔

سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ سابق صدر نے نیو یارک کا اپارٹمنٹ، پارکنگ اسپیس اور 2 بلٹ پروف گاڑیاں کاغذات نامزدگی میں ظاہر نہیں کیں۔

مزید پڑھیں: آصف علی زرداری کی 'خفیہ جائیداد' سے متعلق علی زیدی کا انکشاف

درخواست میں مزید موقف اختیار کیا گیا کہ چھپائے گئے اثاثوں کی مالیت 14 کروڑ 37 لاکھ روپے بنتی ہے اور سابق صدر آصف علی زرداری رکن قومی اسمبلی بننے کے بھی اہل نہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے درخواست میں مزید کہا کہ آصف زرداری نیو یارک میں پراپرٹی ٹیکس ادا کرتے ہیں جبکہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) رپورٹ کے مطابق آصف زرداری نے کہا کہ ان کے بیرون ملک اثاثے نہیں ہیں۔

عدالت عظمیٰ سے استدعا کی گئی کہ آصف علی زرداری کو آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت نااہل قرار دیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کا آصف علی زرداری کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا فیصلہ

پی ٹی آئی رہنما نے اپنی درخواست میں عدالت عظمیٰ سے مزید استدعا کی کہ آصف علی زرداری کو آرٹیکل 63 اے کے تحت پارٹی صدارت کے لیے بھی نااہل قرار دیا جائے۔

درخواست میں مزید کہا گیا کہ آصف علی زرداری کو انتخابی حلقہ این اے 213 سے بھی نااہل قرار دیا جائے۔

بعد ازاں پی ٹی آئی کے رہنما خرم شیر زمان نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آصف علی زرداری کی نااہلی کے لیے ہماری درخواست فائل ہوگئی ہے، قوم کو جلد اچھی خبریں ملیں گی۔

مزید پڑھیں: آصف علی زرداری اور دیگر کی ضمانت میں 21 دسمبر تک کی توسیع

انہوں نے کہا کہ ابھی کیس پر بات نہیں کروں گا۔

خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ کراچی اور ساہیوال میں 2 سانحات ہوئے ہیں اور وزیراعظم کا وعدہ ہے کہ ذمے داروں کو انجام تک پہنچائیں گے۔