کم عمر لڑکیوں کے ریپ الزامات کے بعد امریکی گلوکار کے گانوں کو ہٹا دیا گیا
بورڈز سمیت کئی دیگر میوزک چینلز کے مقبول ترین گلوکاروں میں شمار ہونے والےامریکی گلوکار، موسیقار، لکھاری اور سابق باسکٹ بال کھلاڑی 52 سالہ رابرٹ سلویسٹر کیلی پر حال ہی میں متعدد کم عمر لڑکیوں کے ریپ سمیت خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کے الزامات پر مبنی ایک دستاویزی فلم سامنے آئی تھی۔
آر کیلی کی وحشت کا نشانہ بننے والی خواتین اور لڑکیوں کے داستانوں پر برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی نے دستاویزی فلم بھی جاری کی، جس میں کم سے کم 50 خواتین کے انٹرویوز شامل کیے گئے۔
اگرچہ آر کیلی نے تمام الزامات کو مسترد کیا، تاہم گزشتہ ہفتے ان کے خلاف بھرپور تحریک شروع ہوگئی اور چند دن قبل امریکی پاپ گلوکارہ لیڈی گاگا نے بھی ان کے خلاف آواز اٹھائی۔
لیڈی گاگا نے اپنے مداحوں سے آر کیلی کے ساتھ کام کرنے پر معذرت کی اور اعلان کیا کہ وہ ان کے ساتھ گائے ہوئے تمام گانوں کو ویڈیو اسٹریمنگ ویب سائٹس سے ہٹا دیں گی۔
آر کیلی پر 1994 میں نابالغ لڑکی ’عالیہ دنا ہفٹن‘ سے خفیہ شادی کرنے کا الزام بھی ہے، جب کہ ان پر دوسری اہلیہ اینڈریا کیلی کو بدترین جنسی تشدد کا نشانہ بنانے کا الزام بھی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آر کیلی پر نابالغ لڑکیوں کے ساتھ جسمانی تعلقات کا الزام
آر کیلی کی پہلی اہلیہ 2011 میں ایک جہاز حادثے میں ہلاک ہوگئی تھیں، جب کہ دوسری اہلیہ کو انہوں نے 2009 میں طلاق دے دی تھی۔