کھیل

پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن کا آفیشل ترانہ جاری

’کھیل دیوانوں کا‘ نامی اس گانے کو معروف اداکار فواد خان اور ینگ دیسی نامی گلوکار نے آواز دی ہے۔

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے چوتھے ایڈیشن کا آفیشل نغمہ جاری کردیا گیا۔

پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا آغاز آئندہ ماہ متحدہ عرب امارات میں ہو گا جس کے لیے ابھی سے تیاریاں شروع کردی گئی ہیں اور پی ایس ایل 4 کا آفیشل ترانا بھی جاری کردیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: ملتان سلطانز کا نیا 'لوگو' متعارف کرا دیا گیا

’کھیل دیوانوں کا‘ نامی اس گانے کو معروف اداکار فواد خان اور ینگ دیسی نامی گلوکار نے آواز دی ہے جسے پی ایس ایل کی جانب سے باقاعدہ جاری کردیا گیا ہے۔

یہ پہلا موقع ہے کہ فواد خان نے پی ایس ایل کا نغمہ گایا ہے ورنہ اس سے قبل یہ ذمے داری معروف گلوکار علی ظفر انجام دیتے رہے ہیں۔

پاکستان سپر لیگ کے سابقہ تینوں ایڈیشنز کے گانے علی ظفر نے گائے اور تینوں کو عوام میں بے پناہ مقبولیت حاصل ہوئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: اے بی ڈویلیئرز پی ایس ایل میچز کیلئے پاکستان آنے کو تیار

پاکستان سپر لیگ کے افتتاحی ایڈیشن کے گانے کے بول 'اب کھیل کے دکھا' تھے جس کے بعد 2017 کے ایڈیشن کے لیے 'اب کھیل جمے گا' جاری کیا گیا تھا اور یہ دونوں گانے عوام میں بہت مقبول ہوئے۔

پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن کے گانے کے لیے بھی علی ظفر کی خدمات حاصل کی گئیں ’اب دل سے جان لگا دے‘ نامی گانے کو اپنی آواز دی جس نے مقبولیت کے تمام ریکارڈز توڑ دیے تھے۔

پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا آغاز 14 فروری کو ہو گا۔