پاکستان

پنجاب میں صنعتوں کو گیس کی فراہمی معطل

گھریلو گیس کی ضرورت پوری کرنے کے لیے صنعتی شعبے کی گیس بند کی گئی ہے، پیٹرولیم ڈویژن

اسلام آباد اور پنجاب میں سی این جی اسٹیشنز کی غیر معینہ مدت کے لیے گیس کی بندش کے بعد صنعتوں کو بھی گیس کی فراہمی معطل کردی۔

پنجاب اور اسلام آباد میں فلنگ اسٹیشنز پہلے ہی 16 جنوری کی رات سے بند تھے، تاہم اب صنعتوں کو بھی گیس کی فراہمی معطل کردی گئی جس سے کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر ہو رہی ہیں۔

پیٹرولیم ڈویژن نے موقف اختیار کیا کہ گھریلو گیس کی ضرورت پوری کرنے کے لیے صنعتی شعبے کی گیس بند کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: گیس بحران: وزیراعظم کا گیس کمپنیوں کے سربراہان 'فوری ہٹانے' کا حکم

دوسری جانب کراچی میں سی این جی کی بندش کا دورانیہ 12 گھنٹے بڑھا دیا گیا۔

کراچی میں گزشتہ رات 8 بجے سے 'سی این جی' اسٹیشنز بند ہیں تاہم بندش کے دورانیے میں اضافے کے بعد اب ہفتہ کی صبح 8 بجے صارفین کو گیس دستیاب ہوگی۔

سوئی سدرن گیس کمپنی کے حکام نے کہا کہ گھریلو صارفین کی طلب پوری کرنے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔

دوسری جانب چیئرمین سائٹ ایسوسی ایشن کے مطابق سائٹ کے صنعتوں کو دوبارہ گیس پریشر میں کمی کا سامنا ہے۔

ان کے مطابق کراچی کی 60 فیصد سے زائد صنعتیں بند ہو چکی ہیں۔

مزید پڑھیں: کراچی کے صنعتکاروں کا گیس پریشر میں شدید کمی پر صنعتیں بند کرنے کا اعلان

واضح رہے کہ رواں ماں کے آغاز میں وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ (ایس ایس جی سی ایل) اور سوئی نادرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) کے سربراہان کو گزشتہ ماہ پنجاب اور سندھ میں پیدا ہونے والے گیس بحران پر برطرف کیے جانے کے ایک روز بعد ہی دونوں کمپنیوں کے نئے مینیجنگ ڈائریکٹرز کو تعینات کردیا گیا تھا۔

گزشتہ ماہ ملک میں گیس بحران سے کراچی اور پنجاب بھر میں نہ صرف صنعتیں بند ہوگئی تھیں بلکہ گھریلو صارفین بھی شدید متاثر ہوئے تھے۔

وزیر پیٹرولیم و قدرتی وسائل غلام سرور خان نے بریفنگ کے دوران بتایا تھا کہ گیس کے حالیہ بحران کی ذمہ داری بنیادی طور پر 'ایس این جی پی ایل' اور 'ایس ایس جی سی ایل' پر عائد ہوتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مہنگائی کا اثر صرف امیروں پر پڑا، غریب طبقہ اس سے محفوظ رہا، اسد عمر

اس حوالے سے مزید بتایا گیا کہ پشاورمیں ضلعی انتظامیہ نے سی این جی اسٹیشن کے لیے گیس فراہمی کا شیڈول جاری کردیا جس میں کہا گیا کہ 15دن کے لیے سی این جی اسٹیشن کوگیس کی فراہمی روزانہ 6گھنٹےبندرہےگی۔

شیڈول کے مطابق گیس کی سپلائی صبح 7بجےسےدن 10اورشام 6سے رات 9 بجے تک بند رہےگی۔

علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنرنےعوامی شکایات پردفعہ 144کے تحت گیس سپلائی بندش کےاحکامات دیئے۔

ڈی سی کے مطابق سی این جی اسٹیشنزکی بندش کےباعث گھریلوصارفین کوگیس فراہمی ممکن ہوگی۔