خوبصورت ترین مقام پر 160 روپے میں گھر خریدنا چاہیں گے؟
اگرچہ دنیا کے کئی ممالک کو گھروں کی کمی کا سامنا ہے، تاہم یورپی ملک اٹلی ایسا ملک ہے، جو تقریبا ہر سال اپنے دیہات کو فروخت کرتا ہے۔
دنیا بھر میں سیاحت، کھانوں اور تاریخی مقامات کے حوالے سے منفرد اہمیت رکھنے والے اٹلی کے جنوب میں واقع بڑے اور خود مختار علاقوں میں شامل ہونے والے سسلی کے ایک خوبصورت گاؤں کے گھروں کو فروخت کے لیے پیش کردیا گیا۔
جہاں اٹلی میں سیاحت کے دوران چند ہفتوں تک قیام میں ہی لاکھوں روپے خرچ ہوجاتے ہیں، وہیں اٹلی کے خودمختار علاقے سسلی کے ایک چھوٹے سے قصبے کی انتطامیہ نے وہاں گھروں کو محض ایک یورو یعنی پاکستانی تقریبا 160 روپے میں فروخت کے لیے پیش کردیا۔
جی ہاں، یہ کوئی مذاق نہیں بلکہ ایک حقیقت ہے اور سسلی کی مقامی انتظامیہ کی اس پیش کش سے کچھ لوگوں نے فائدہ اٹھا بھی لیا اور کئی لوگوں نے گھروں کی خریداری کے لیے درخواستیں بھی جمع کرادیں۔