’ٹی سیریز کے مالک نے کام کے بدلے جنسی تعلقات کا مطالبہ کیا‘
بھارت میں کچھ ہفتوں کی خاموشی کے بعد ایک بار پھر خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کے خلاف شروع ہونے والی ’می ٹو مہم‘ ایک بار پھر متحرک ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔
اگرچہ بھارت میں ‘می ٹو مہم’ سال 2018 کے آخر میں زوروں پر رہی، تاہم گزشتہ چند ہفتوں سے یہ تحریک مدھم پڑتی دکھائی دے رہی تھی۔
تاہم گزشتہ ہفتے ایک خاتون کی جانب سے فلم ساز راج کمار ہرانی پر جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کے الزامات عائد کیے جانے کے بعد یہ مہم ایک بار پھر متحرک ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔
جہاں راج کمار ہرانی پر جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کے الزامات سے بولی وڈ میں نئی بحث چھڑ گئی اور کئی لوگ فلم ساز کی حمایت میں سامنے آئے۔
وہیں اب بھارت کی معروف پروڈکشن کمپنی ’ٹی سیریز‘ کے مالک بشن کمار کے خلاف بھی ایک خاتون نے کام کے بدلے جنسی تعلقات کے مطالبات کرنے کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کروادیا۔
یہ بھی پڑھیں: خاتون کا راج کمار ہرانی پر جنسی ہراساں کرنے کا الزام
یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ بشن کمار پر کسی کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام لگا ہو، اس سے قبل اکتوبر 2018 میں بھی ان پر ایک خاتون نے الزام عائد کیا تھا۔
تاہم اس وقت بشن کمار نے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے الزام عائد کرنے والی خاتون کے خلاف ہی مقدمہ دائر کروادیا تھا اور مطالبہ کیا تھا کہ مکمل تحقیق کے بعد جھوٹے الزام لگانے والی خاتون کو سزا دی جائے۔
تاہم اب بشن کمار کے خلاف ایک خاتون نے مقدمہ دائر کروادیا۔
ڈی این اے انڈیا نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ایک نامعلوم خاتون نے بشن کمار کے خلاف ممبئی کے اوشیواڑہ پولیس تھانے میں کام کے بدلے جنسی تعلقات کا مقدمہ دائر کروادیا۔