کھیل

گوگل کا ڈوڈل کے ذریعے عبدالحفیظ کاردار کو خراج تحسین

گوگل نے پاکستانی کرکٹ کی تاریخ کے پہلے کپتان اور عظیم کرکٹر عبدالحفیظ کاردار کا ڈوڈل بنا کر انہیں خرج تحسین پیش کیا۔

گوگل نے پاکستان کرکٹ کی تاریخ کے پہلے کپتان اور عظیم کرکٹر عبدالحفیظ کاردار کا ڈوڈل بنا کر انہیں خرج تحسین پیش کیا ہے۔

عبدالحفیظ کاردار قیام پاکستان کے بعد پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والی پاکستانی ٹیم کے کپتان تھے اور انہیں پاکستان کرکٹ کی تاریخ کے عظیم ترین کپتانوں میں سے ایک شمار کیا جاتا ہے۔

مزید پڑھیں: کپتان بمقابلہ کپتان (دوسرا حصہ)

عبدالحفیظ کاردار 17 جنوری 1925 کو لاہور میں پیدا ہوئے اور اسلامیہ کالج سے تعلیم حاصل کرنے کے بعد کرکٹ کے میدانوں میں قدم رکھا۔

22 جون 1946 کو انہوں نے قیام پاکستان سے قبل متحدہ ہندوستان میں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ میں بھارتی ٹیم کی نمائندگی کا اعزاز حاصل کیا۔

وہ ان تین کھلاڑیوں میں شامل ہیں، جنہوں نے ہندوستان اور پاکستان، دونوں کی نمائندگی کی، ان کے علاوہ عامر الٰہی اور گل محمد نے بھی یہ اعزاز حاصل کیا۔

1954 میں انگلینڈ کا دورہ کرنے والا پاکستان کا اسکواڈ

تقسیم ہند کے بعد انہیں پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والی پاکستانی ٹیم کی قیادت کا اعزاز حاصل ہوا اور انہی کی زیر قیادت پاکستان نے انگلینڈ کو اس کے میدانوں پر پہلی مرتبہ شکست دینے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔

پاکستان کرکٹ کو ابتدا میں ہی عملی طور پر شناخت دینے والے عبدالحفیظ کاردار کی قیادت میں پاکستان نے ٹیسٹ کھیلنے والی تمام اقوام کے خلاف اپنی پہلی سیریز میں ایک میچ جیتا، جو ان کی قائدانہ صلاحیتوں کا مظہر تھا۔

یہ بھی پڑھیں: کپتان مصباح بمقابلہ کپتان عمران

ہندوستان کے خلاف لکھنئو، انگلینڈ کے خلاف اوول، ویسٹ انڈیز کے خلاف پورٹ آف اسپین میں اور پاکستان کا دورہ کرنے والی آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے خلاف ہوم گراؤنڈ میں عبدالحفیظ کاردار کی عمدہ قائدانہ صلاحیتوں کی بدولت پاکستان نے کامیابی حاصل کر کے پاکستان کرکٹ کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔

عبدالحفیظ کاردار نے 23 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی قیادت کی جس میں سے 6 میچوں میں فتح اور 6 میں ناکامی ہوئی جبکہ بقیہ میچ ڈرا ہوئے۔

وہ 21 اپریل 1996 کو اسلام آباد میں 71 برس کی عمر میں اس جہان فانی سے کوچ کر گئے تھے۔