لائف اسٹائل

کایلی جینر کا ریکارڈ ایک ’انڈے‘ نے توڑ دیا

معروف امریکی ماڈل کائیلی کو انسٹاگرام پر صرف ایک انڈے کی تصویر نے ہرا دیا۔

انسٹاگرام استعمال کرنے والے صارفین کی دن بہ دن تعداد میں اضافہ ہورہا ہے، کیوں کہ اس ایپلیکشن پر لوگ دلچسپ تصاویر و ویڈیوز شیئر کرکے ایک دوسرے کا محظوظ کرتے ہیں۔

فیس بک کی فوٹو شیئرنگ ایپ پر بھی صارفین بڑے بڑے ریکارڈز قائم کرلیتے ہیں۔

جیسے امریکی رئیلٹی ٹی وی اسٹار اور معروف ماڈل کائیلی جینر کی ایک تصویر نے سب سے زیادہ لائیکس حاصل کرنے کا ریکارڈ قائم کیا تھا۔

مزید پڑھیں: ایک دن میں ڈیڑھ کروڑ سے زائد لائیکس لینے والی تصویر

گزشتہ سال فروری میں کائیلی جینر نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک تصویر شیئر کی تھی، جسے سب سے زیادہ لائیک کی جانے والی تصویر کا اعزاز ملا تھا۔

اس تصویر کو صرف ایک دن کے اندر ڈیڑھ کروڑ سے زائد بار لائیک کیا گیا تھا۔

گزشتہ سال یکم فروری کو پیدا ہونے والی بچی کا نام کائیلی نے سٹرومی ویبسٹر رکھا تھا اور اس تصویر میں وہ اپنی ماں کے انگوٹھے کو تھامے ہوئے نظر آرہی تھیں۔

کائیلی جینر کی تصویر 18 ملین بار لائیک کی جاچکی ہے، جس نے اپنے نام ورلڈ ریکارڈ کر رکھا ہے۔

لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ ماڈل کا یہ ریکارڈ اب کسی اور تصویر نے توڑ دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پہلی بار ماں بننا دنیا کا بہترین احساس ہے، کایلی جینر

اور آپ کو حیرانی ہوگی کہ یہ ریکارڈ کسی دوسری ماڈل نے نہیں بلکہ ایک انڈے کی تصویر نے توڑا۔

دراصل انسٹاگرام پر ’ورلڈ ریکارڈ ایگ‘ نامی ایک اکاؤنٹ بنایا گیا، جس میں اس اکاؤنٹ کے مالک نے ایک انڈے کی تصویر پوسٹ کی۔

اکاؤنٹ ہولڈر نے انڈے کی اس تصویر کے ساتھ صارفین سے درخواست کی کہ وہ اسے اتنا لائیک کریں کہ یہ انڈا کائیلی جینر کی تصویر کا ریکارڈ توڑ سکے۔

اور ایسا ہی ہوا، اس تصویر نے باآسانی 18 ملین سے زیادہ لائیکس حاصل کرلیے، جس کے ساتھ اب یہ ایک انڈا انسٹاگرام پر سب سے زیادہ لائیک کی جانے والے تصویر بن چکا ہے۔

کائیلی جینر نے بھی اپنے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں انہیں ایک انڈے کو گرم زمین پر توڑتے دکھایا گیا۔

اس پر ماڈل نے لکھا کہ ’اس چھوٹے انڈے کی خیر نہیں‘۔

یاد رہے کہ کائیلی کی تصویر سے قبل انسٹاگرام کی سب سے زیادہ پسند کی جانے والی تصاویر میں سے ایک فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کے بچے کی پیدائش جبکہ دوسری گلوکارہ بیونسے کی تھی جس میں انہوں نے حاملہ ہونے کا اعلان کیا تھا اور اسے ایک کروڑ دس لاکھ سے زائد افراد نے لائیک کیا تھا۔