پاکستان

پاکستانی خاتون کو چینی پروانہ مل گیا

دوستی سے شروع ہونے والا رشتہ محبت میں تبدیل ہوگیا اور چینی مرد نے پاکستانی خاتون سے عدالت میں شادی کرلی۔
|

پشاور: پاکستان میں محبت کی شادیوں کی کہانیاں بہت سنی ہوں گی بلکہ بہت سی ایسی شادیاں ہوں گی، جس میں آپ خود شریک بھی ہوئے ہوں گے۔

تاہم یہاں ہم آپ کو محبت کی ایک ایسی شادی کے بارے میں بتا رہے ہیں جو دیگر شادیوں سے کافی مختلف ہے۔

عموماً محبت کی شادیوں میں ایک خاندان کا دوسرا خاندان سے تعلق جڑتا ہے لیکن یہاں ہم جس شادی کے بارے میں بتائیں گے اس سے ایک ملک کے دوسرے ملک سے تعلقات مزید مستحکم ہوئے ہیں۔

مزید پڑھیں: چینی نوجوان کی پاکستان میں شادی

جی ہم بات کر رہے ہیں پاک-چین دوستی کی، جو روز بروز مضبوط ہوتی جارہی اور رشتوں میں تبدیل ہورہی ہے، ایسا ہی کچھ پشاور میں ہوا، جہاں ایک چینی انجینئر پاکستانی خاتون کو اپنا دل دے بیٹھا۔

پاکستان میں بطور سول انجینئر کام کرنے والے چینی باشندے ژوان لنگ نے پاکستانی خاتون زینب سے شادی کرلی۔

دونوں کے درمیان سوشل میڈیا پر دوستی سے شروع ہونے والا رشتہ آہستہ آہستہ محبت میں تبدیل ہوا اور زینب اور ژوان لنگ نے شادی کا فیصلہ کیا۔

پشاور کی مقامی عدالت میں ہونے والی اس شادی سے قبل چینی مرد نے اسلام قبول کیا اور اس کا نام اذان رکھا گیا۔

شادی کے موقع پر پاکستانی خاتون کے اہل خانہ موجود تھے جبکہ شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے چینی مرد کے اہل خانہ خصوصی طور پر پاکستان آئے تھے۔

نئے شادی شدہ جوڑے کے وکیل شوکت خان کا کہنا تھا کہ شادی کی ایک سادہ تقریب منعقد کی گئی تھی اور دونوں کی شادی کو میرج کورٹ میں رجسٹرڈ کرایا گیا۔

اس موقع پر اذان اور زینب کافی خوش نظر آئے اور انہوں نے اہل خانہ کے ہمراہ تصاویر بھی بنوائیں، دونوں کا ولیمہ جلد منعقد کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: چینی لڑکی کی پاکستانی لڑکے سے شادی

خیال رہے کہ یہ پہلی مرتبہ نہیں کہ کسی چینی مرد نے یا کسی پاکستانی خاتون نے غیر ملکی مرد سے شادی کی ہے۔

اس سے قبل گزشتہ برس ہمارے سامنے بہت سے پاکستانی لڑکے، لڑکیوں کی ایسی خبریں سامنے آئیں جو شہ سرخی کی زینت بنی۔

سال 2018 میں کئی پاکستانیوں نے غیر ملکیوں سے شادی کی، جن میں 2 خواتین ایسی بھی تھیں، جن سے پاکستان میں کام کرنے والے چینی مردوں نے شادی کی تھی۔