کھیل

اے بی ڈویلیئرز پی ایس ایل میچز کیلئے پاکستان آنے کو تیار

پاکستان میں کرکٹ کی واپسی کا خواہش مند ہوں اور اس کی بحالی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہتا ہوں، سابق جنوبی افریقی کپتان
|

کرکٹ کے میدان سے مسلسل بری خبروں کے بعد اب پاکستان میں کرکٹ کے شائقین کے لیے اچھی خبر آگئی کہ جنوبی افریقی لیجنڈ اے بی ڈی ویلیئرز نے پاکستان کے میدانوں میں کھیلنے پر رضا مندی کا اظہار کردیا۔

ایک روز قبل یہ خبر سامنے آئی تھی کہ آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ انجری کے سبب پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سے باہر ہوگئے ہیں جس کے بعد پی ایس ایل شائقین میں مایوسی کی لہر دوڑ گئی تھی، تاہم اس کے بعد پاکستان میں موجود شائقین کے لیے سب سے بڑی خبر آگئی۔

جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے اے بی ڈی ویلیئرز نے اعلان کیا ہے کہ وہ پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن کے میچز کے لیے پاکستان آنے کے لیے تیار ہیں۔

پی ایس ایل انتظامیہ کی جانب سے بتایا کہ جارح مزاج بلے باز کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان میں کرکٹ کی بحالی کے خواہش مند ہیں اور چاہتے ہیں کہ وہ اس میں اپنا کردار ادا کریں۔

مزید پڑھیں: جنوبی افریقی کھلاڑی اے بی ڈی ویلیئرز پی ایس ایل کا حصہ بن گئے

اے بی ڈی ویلیئرز پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن میں جلوہ گر ہوں گے اور وہ لاہور قلندرز کی نمائندگی کر رہے ہیں، جبکہ 9 اور 10 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم میں میچز بھی کھیلیں گے۔

لاہور قلندرز کا 9 مارچ کو اسلام آباد یونائیٹڈ اور 10 مارچ کو ملتان سلطانز سے مقابلہ ہوگا۔

تاہم سابق جنوبی افریقی کپتان کا کہنا تھا کہ وہ لاہور قلندرز کو ٹائٹل جتوانے کے لیے پُر عزم ہیں اور ٹورنامنٹ میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

خیال رہے کہ اے بی ڈی ویلیئرز 2007 میں جنوبی افریقہ کی جانب سے پاکستان کا دورہ کر چکے ہیں جہاں انہوں نے لاہور میں ایک ٹیسٹ اور 3 ایک روزہ میچز میں حصہ لیا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل ڈرافٹ: اسمتھ، ڈی ویلیئرز، آفریدی منتخب

اے بی ڈی ویلیئر نے سیریز کے پہلے ایک روزہ میچ میں 103 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی تھی۔

اپنے بیان میں اے بی ڈی ویلیئرز کا کہنا تھا کہ وہ جانتے ہیں کہ کرکٹ کو پاکستان میں بہت اہمیت دی جاتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ میں نے 2007 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا اور مجھے یاد ہے کہ یہاں ہمارا شاندار استقبال کیا گیا اور ہماری ٹیم کو شاندار پزیرائی بھی ملی۔

اے بی ڈی ویلیئرز نے کہا کہ میری تمام ہمدردیاں پاکستانی شائقین کے ساتھ ہیں جنہوں نے ملک میں کرکٹ نہ ہونے کے غم کو برداشت کیا، لیکن مجھے یقین ہے کہ وہ دن دور نہیں جب پاکستان میں دوبارہ بین الاقوامی کرکٹ بحال ہوجائے گی اور یہاں کے میدان ایک مرتبہ پھر آباد ہوجائیں گے۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل کے نشریاتی حقوق کا 358 فیصد زائد مالیت میں معاہدہ

ریکارڈ ساز بلے باز کا کہنا تھا کہ وہ نجی مصروفیات کی وجہ سے گروپ اسٹیجز تک ہی محدود رہیں گے، جبکہ کوالیفائرز میں حصہ نہیں لے سکیں گے، تاہم انہوں نے پی ایس ایل کا حصہ بنائے جانے پر لاہور قلندرز کا شکریہ ادا کیا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس لیگ کو مضبوط سے مضبوط تر برانڈ بنانے کے لیے میں اپنا کردار ادا کروں گا۔

اے بی ڈی ویلیئرز کے اعلان کے بعد لاہور قلندرز کے مالک رانا فواد نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اے بی ڈی ویلیئرز اپنے کھیل سے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں 9 اور 10 مارچ کو چار چاند لگا دیں گے۔

اس موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ مجھے یقین ہے کہ اے بی ڈی ویلیئرز کی پاکستان آمد نئے شائقین کو اپنی جانب مبذول کروائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 4، علی ترین نے چھٹی ٹیم 6.35 ملین ڈالر میں خریدلی

لاہور قلندرز کے کپتان محمد حفیظ کہتے ہیں کہ مجھے یقین ہے کہ اے بی ڈی ویلیئرز یہاں سے اچھی یادیں لے کر جائیں گے جو انہیں دوبارہ پاکستان لائیں گی۔

خیال رہے کہ پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن کا افتتاحی میچ 14 فروری کو دفاعی چیمپئنز اسلام آباد یونائیٹڈ اور چھٹی ٹیم (جس کا نام اب تک تجویز نہیں کیا گیا) کے درمیان کھیلا جائے گا۔

ایونٹ کے شیڈول کے مطابق 14 میچ دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم، 4 ابوظہبی میں واقع شیخ زید اسٹیڈیم اور 8 شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

علاوہ ازیں 3 میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم اور 5 میچز کراچی میں کھیلے جائیں گے جس میں فائنل مقابلہ بھی شامل ہے جو 17 مارچ کو نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔