خاتون کا راج کمار ہرانی پر جنسی ہراساں کرنے کا الزام
بولی وڈ کے کامیاب ترین ہدایت کاروں میں شمار ہونے والے ہدایت کار 56 سالہ راج کمار ہرانی کو اگرچہ خواتین کے ساتھ احسن انداز سے پیش آنے والے شخص کے طور پر جانا جاتا ہے۔
تاہم اب ان پر اپنی ہی کمپنی کی ایک ملازم خاتون نے جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام عائد کرکے ان کے لیے مشکلات کھڑی کردی ہیں۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ بولی وڈ کے کسی کامیاب فلم ساز پر خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام لگا ہو، تاہم راج کمار ہرانی پر پہلی بار الزام لگا ہے۔
راج کمار ہرانی سے قبل فلم ساز ساجد خان، سبھاش گھائے اور وکاس بہل پر بھی خواتین و اداکاراؤں کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات لگ چکے ہیں۔
ساجد خان اور وکاس بہل پر الزامات سامنے آنے کے بعد انہیں ان کی آنے والی فلموں سے بھی الگ کردیا گیا، جب کہ سبھاش گھائے پر الزامات لگانے والی خواتین نے ان کے خلاف عدالت میں مقدمات لڑنے سے معزرت کی۔
نہ صرف بولی وڈ فلم سازوں بلکہ نانا پاٹیکر، آلوک ناتھ اور موسیقار انو ملک سمیت بھارتی صحافیوں اور سیاستدانوں پر بھی خواتین نے جنسی طور پر ہراساں کرنے اور ریپ کے الزامات لگائے۔