دنیا

سعودی وزیر کا گوادر میں مجوزہ آئل ریفائنری کی جگہ کا دورہ

یہ منصوبہ سعودی عرب کی پاکستان میں اب تک کی سب سے بڑی سرمایہ کاری ہوگی، وزیر پیٹرولیم غلام سرور خان

سعودی عرب کے وزیر توانائی، صنعت و معدنی وسائل وفاقی خالد عبد العزیز الفلیح کی زیر قیادت سعودی وفد نے مجوزہ آئل ریفائنری کے لیے مختص جگہ دیکھنے کے لیے گوادر کا دورہ کیا۔

وفاقی وزیر پیٹرولیم ڈویژن غلام سرور خان نے گوادر پہنچنے پر سعودی وفد کا استقبال کیا۔

اس موقع پر غلام سرور خان نے کہا کہ پاکستان کے سعودی عرب کے ساتھ خصوصی تعلقات ہیں، سعودی وزیر گوادر میں آئل ریفائنری کی جگہ دیکھنے آئے ہیں اور گوادر میں جلد آ ئل ریفائنری قائم جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ اگلے ماہ سعودی ولی عہد کی آمد پر آئل ریفائنری کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط متوقع ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب، پاکستان میں آئل ریفائنری کی تعمیر کیلئے تیار، سعودی میڈیا

ان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ سعودی عرب کی پاکستان میں اب تک کی سب سے بڑی سرمایہ کاری ہوگی۔

سعودی وفد میں آرامکو سے جڑی کمپنی البوینین گروپ کے چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) بھی شامل تھے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان رواں ماہ سعودیہ کی پاکستان میں 10 ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کے حوالے سے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کے امکانات ہیں۔

آئندہ دو ماہ کے دوران حکومت چین، متحدہ عرب امارات اور ملائیشیا کے ساتھ بھی اسی طرح کی یادداشتوں پر دستخط کرے گی۔