ریپ کیس میں رونالڈو کا ایک دہائی بعد ڈی این اے ٹیسٹ
پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر 33 سالہ کرسٹیانو رونالڈو کی جانب سے دہائی قبل امریکی ماڈل کے کیے گئے ریپ کی تفتیش کے لیے فٹ بالر کا ڈی این اے ٹیسٹ کیا جائے گا۔
کرسٹیانو رونالڈو پر اکتوبر 2018 میں سابق امریکی ماڈل کیتھرین مایورگا نے الزام عائد کیا تھا کہ فٹ بالر نے 2009 میں امریکی شہر لاس ویگاس میں ان کا ریپ کیا۔
کیتھرین مایورگا نے اگرچہ اس واقعے کی رپورٹ 2010 میں ہی درج کروادی تھی، تاہم اس وقت انہوں نے کسی کا نام لیے بغیر صرف جنسی استحصال کی رپورٹ درج کروائی تھی۔
تاہم سابق ماڈل نے ستمبر 2018 میں امریکی ریاست نیواڈا کی ڈسٹرکٹ کورٹ میں 32 صفحے کی شکایت دج کرتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ رونالڈو نے 13 جون 2009 کو ان کا ریپ کیا تھا۔
انہوں نے اس مقدمے میں الزام عائد کیا کہ فٹبالر نے اس مبینہ ریپ کو خفیہ رکھنے کے لیے ان پر دباؤ ڈالا تھا اور فٹ بالر نے وکلاء کی مدد سے انہیں پونے 4 لاکھ ڈالر دے کر خاموش رہنے کا کہا۔
یہ بھی پڑھیں: سابق امریکی ماڈل کا رونالڈو پر ریپ کا الزام
عدالت میں دائر کی گئی درخواست میں کہا گیا کہ ریپ واقعے کے بعد ماڈل ذہنی طور پر پریشان رہیں، یہاں تک کہ انہوں نے متعدد بار خودکشی کرنے کا بھی سوچا۔