پی ٹی آئی نے آصف زرداری کے خلاف نااہلی کی درخواست واپس لے لی
رکن سندھ اسمبلی اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما خرم شیر زمان نے الیکشن کمیشن میں دائر سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف نااہلی کی درخواست واپس لے لی۔
الیکشن کمیشن میں ممبر سندھ عبدالغفار کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ نے آصف علی زردرای کی نااہلی سے متعلق درخواست پر سماعت کی۔
سماعت کے دوران درخواست گزار خرم شیر زمان بھی الیکشن کمیشن کے دفتر پہنچے اور بینچ سے استدعا کی کہ وہ سابق صدر کے خلاف نااہلی کیس کی درخواست واپس لینا چاہتے ہیں اور اس معاملے کو سپریم کورٹ میں لے جانا چاہتے ہیں۔
ممبر سندھ الیکشن کمیشن عبدالغفار نے خرم شیر زمان سے مطالبہ کیا کہ وہ درخواست واپس لینے سے متعلق تحریری طور پر بینچ کو آگاہ کریں۔
مزید پڑھیں: ’بہت جلد پیپلز پارٹی کا بڑا لیڈر گرفتار ہوسکتا ہے‘
خرم شیر زمان نے سیکریٹری الیکشن کمیشن کے نام پر ایک درخواست تحریر کی جس میں انہوں نے سابق صدر کے خلاف درخواست واپس لینے سے متعلق تحریر کرتے ہوئے لکھا کہ ہمیں ایسے شواہد مل گئے ہیں جو صرف اعلیٰ فورم پر پیش کریں گے۔
بعدازاں الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ 'ہم نے سابق صدر کے خلاف کیس کو بڑے فورم پر لے جانے کا فیصلہ کیا ہے'۔
انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری کے خلاف مزید ثبوت ملے ہیں، تاہم ان کے خلاف کیس سپریم کورٹ میں دائر کیا جائے گا۔
خرم شیر زمان نے آصف علی زرداری کے کیس کو پاناما پیپرز کیس سے مشابہت دیتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کا دوسرا بڑا اسکینڈل ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آصف علی زرداری کی نااہلی سے متعلق درخواست ابتدائی سماعت کیلئے مقرر
پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت کو الیکشن میں پاکستان سے کرپشن کے خاتمے کا ہی مینڈیٹ ملا ہے۔
انہوں نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ہم نے سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف کیس کی تیاری مکمل کرلی ہے جبکہ تمام شواہد کی بھی تصدیق کروالی گئی ہے۔
خرم شیر زمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ مفاہمت کی سیاست تحریک انصاف کے ساتھ کوئی نہیں کر سکتا۔
خیال رہے کہ تحریک انصاف سندھ کے رہنما خرم شیر زمان نے پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے خلاف نااہلی کی درخواست الیکشن کمیشن میں گزشتہ برس 20 دسمبر کو دائر کی تھی۔