سپریم کورٹ: ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کی سزا معطلی کے خلاف اپیل سماعت کیلئے مقرر
اسلام آباد: سپریم کورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں قومی احتساب بیورو (نیب) کی اپیل کو سماعت کے لیے مقرر کردیا۔
خیال رہے کہ نیب نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کی سزا معطلی کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔
چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بینچ 14 جنوری کو نیب کی اپیل پر سماعت کرے گا۔
مزید پڑھیں: ایون فیلڈ ریفرنس میں کب کیا ہوا؟
5رکنی لارجر بینچ میں چیف جسٹس کے علاوہ جسٹس آصف سعید، جسٹس گلزار احمد، جسٹس مشیر عالم، جسٹس مظہر عالم شامل ہیں۔
ایون فیلڈ ریفرنس فیصلہ
خیال رہے کہ 6 جولائی 2018 کو شریف خاندان کے خلاف قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے دائر ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کو 10 سال، ان کی صاحبزادی مریم نواز کو 7 سال جبکہ داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کو ایک سال قید بامشقت کی سزا سنائی تھی۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نواز شریف پر 80 لاکھ پاؤنڈ (ایک ارب 10 کروڑ روپے سے زائد) اور مریم نواز پر 20 لاکھ پاؤنڈ (30 کروڑ روپے سے زائد) جرمانہ بھی عائد کیا تھا۔
اس کے علاوہ احتساب عدالت نے شریف خاندان کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے لندن میں قائم ایون پراپرٹی ضبط کرنے کا حکم بھی دیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: ایون فیلڈ سزا معطلی کیس: ’کیوں نہ ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم کردیں‘
بعد ازاں نواز شریف نے اس فیصلے کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا، جہاں 19 ستمبر کو ہائیکورٹ نے احتساب عدالت کی جانب سے سزا دینے کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے ان کی رہائی کا حکم دے دیا تھا۔
جس کے بعد 22 اکتوبر کو نیب نے نواز شریف کی رہائی سے متعلق اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا تھا۔