کپل شرما اپنے شو کی ایک قسط کا کتنا معاوضہ لیتے ہیں؟
معروف کامیڈین کپل شرما طویل وقفے کے بعد گزشتہ ماہ ٹی وی اسکرین پر ایک بار پھر اپنے شو دی کپل شرما شو کے ذریعے واپس لوٹ آئے ہیں۔
اس شو کے سیکنڈ سیزن کے کو پروڈیوسر سلمان خان ہیں جو حال ہی میں بگ باس سیزن 12 کی میزبانی سے فارغ ہوئے ہیں۔
مگر سوال یہ ہے کہ کپل شرما کو اس شو کی میزبانی پر فی قسط کتنا معاوضہ دیا جارہا ہے؟
مزید پڑھیں : کپل شرما کی ایک بار پھر چھوٹی اسکرین پر واپسی
گزشتہ دنوں ایسی رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ گزشتہ سال میں کامیڈین کی مشکلات اور ٹی وی شوز کی ناکامی پر ان کے معاوضے میں نمایاں کٹوتی کی گئی ہے۔
تاہم کپل شرما کی ٹیم میں نئے شامل ہونے والے کرشنا ابھیشیک نے اس رپورٹس کو مسترد کردیا ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ اگر پہلے کپل شرما کو فی قسط 60 سے 70 لاکھ بھارتی روپے معاوضہ دیا جارہا تھا تو اب وہ کٹوتی کے بعد 20 لاکھ فی قسط ہوگیا ہے۔
کرشنا ابھیشیک نے بتایا کہ سلمان خان بہت سخی پروڈیوسر ہیں اور وہ کسی قسم کی کٹوتی کی منصوبہ بندی نہیں کررہے ' معاوضے میں کٹوتی کی افواہیں غلط ہیں، ہمیں طے شدہ معاوضہ دیا جارہا ہے اور ہم اکھٹے کام کرکے بہت خوش ہیں، ہمارے لیے پیسہ ثانوی حیثیت رکھتا ہے، حقیقت تو یہ ہے کہ دی کپل شرما شو ملک کا سب سے بڑا کامیڈی شو ہے'۔
حالیہ رپورٹس میں اس شو کو نشر کرنے والے چینیل کے ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا تھا کہ یہ وقت ہی بتائے گا کہ شو کا سیکنڈ سیزن کامیاب ہوتا ہے یا نہیں، ہمیں شو کے لیے اچھی اسپانسر شپ ملی ہے جبکہ سوشل میڈیا پر ردعمل بھی کافی اچھا ہے، پروڈیوسرز نے کسی بھی سطح پر کٹوتی نہیں کی ہے۔
ابھی یہ دیکھنا ہوگا کہ یہ شو مداحوں کی توقعات پر کس حد تک پورا اترتا ہے کیونکہ ایک بار شو بند ہونے کے بعد جب دوبارہ شروع کیا گیا تو کپل شرما کی بیماری اور دیگر وجوہات کی بناءپر اسے دوبارہ بند کرنا پڑا تھا۔
اس شو کی پہلی قسط میں رنویر سنگھ، سارہ علی خان اور ڈائریکٹر روہت شیٹھی نے شرکت کی تھی جبکہ گزشتہ دنوں نشر ہونے والی قسط میں سلمان خان نے اپنے بھائیوں ارباز خان، سہیل خان اور والد سلیم خان کے ساتھ شرکت کی۔
خیال رہے کہ 2017 اور 18 میں سامنے آنے والی مشکلات نے ان کی شخصیت کو بری طرح متاثر کیا تھا اور ان کی شخصیت بدل کر رہ گئی تھی۔
گزشتہ سال سال جون میں کپل شرما کی ایسی تصاویر سامنے آئی تھیں جس نے ان کے مداحوں کو پریشان کردیا تھا۔