‘حالیہ سائنسی نظریات ختم ہوکر نریندر مودی لہروں میں بدل جائیں گے’
ٹیکنالوجی اور سائنس میں ترقی کے دعوے کرنے والے بھارت کے چوٹی کے سائنسدانوں کی جانب سے دنیا کے عظیم سائنسدانوں آئزک نیوٹن اور البرٹ آئن اسٹائن سمیت دیگر سائسندانوں کے نظریات کو مسترد کیے جانے اور نئے دعووں پر دنیا حیران رہ گئی۔
اگرچہ بھارتی سائنسدان ہر سال ہونے والی سائنسی کانفرنس ’انڈین کانگریس سائنس‘ میں حیران کن انکشافات کرتے ہیں، تاہم رواں برس ہونے والی کانفرنس میں کیے گئے ہندوستانی سائسندانوں کے دعووں پر خود بھارتی بھی حیران رہ گئے۔
بھارتی سائنسدانوں کے حیران اور انتہائی مضحکہ خیز دعووں پر جہاں دنیا بھر کے لوگ حیران ہیں، وہیں خود بھارت میں سائنسدانوں کے خلاف مظاہرے بھی شروع ہوگئے۔
برطانوی نشریاتی ادارے ’بی بی سی‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ 106 ویں انڈین کانگریس سائنس‘ کانفرنس میں بھارت کے بڑے بڑے سائنسدانوں نے حیران کن دعوے کرتے ہوئے آئزک نیوٹن اور البرٹ آئن اسٹائن جیسے سائنسدانوں کے نظریات کو ہی جھوٹا قرار دیا۔
سائنسی کانفرنس کا افتتاح وزیر اعظم نریندر مودی نے کیا تھا اور کانفرنس 3 سے 7 جنوری تک جاری رہی، جس میں بھارتی سائسندانوں نے عالمی سائنسی نظریات کو ہندو مذہب سے جوڑنے اور ہندو ازم سے ہی انہیں لینے کے دعوے کیے۔