پاکستان

کراچی: نجی اسکول کی وین میں آتشزدگی، 10 بچے جھلس کر زخمی

متاثرہ بچوں کو ہسپتال میں طبی امداد فراہم کی گئیں، 8 کو گھر بھیج دیا گیا جبکہ 2 بچے تاحال زیر علاج ہیں، ڈاکٹر
|

کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں شارٹ سرکٹ کے باعث نجی تعلمی ادارے کی وین میں آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں وین میں سوار 10 بچے جھلس کر زخمی ہوگئے۔

واقعے کے بعد بچوں کو طبی امداد کے لیے قائم قطر ہسپتال اور سول ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں 8 بچوں کو طبی امداد دینے کے بعد ڈسچارج کردیا گیا جبکہ 2 بچے تاحال زیر علاج ہیں۔

واقع کی اطلاع پولیس ایمرجنسی نمبر 15 پر دی گئی تھی جس پر پولیس موقع پر پہنچی۔

واقعے کے حوالے سے بتایا گیا کہ ہائی روف نمبر کے سی 7490 میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگی تھی جسے مقامی افراد نے فوری طور پر اپنی مدد آپ کے تحت بجھایا۔

مزید پڑھیں: کراچی: وین میں آتشزدگی، ایک ہی خاندان کے 6 افراد جھلس کر جاں بحق

وین میں آگ لگنے کے باوجود اس میں موجود گیس سلینڈر پھٹنے سے محفوظ رہا اور اگر ایسا ہوجاتا تو جانی نقصان ہوسکتا تھا۔

بعد ازاں پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا۔

دوسری جانب سول ہسپتال کے ڈاکٹر احمر نے ڈان نیوز کو بتایا کہ 6 بچوں کو ہسپتال کے برنس سینٹر میں علاج کے لیے منتقل کیا گیا تھا جس میں سے 4 کو طبی امداد فراہم کرکے ڈسچارج کردیا گیا۔

ان بچوں میں 6 سالہ حارث، 6 سالہ ایمان، 7 سالہ علی جان، 9 سالہ عباد اور دیگر شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دیگر 2 بچوں کا علاج جاری ہے تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیر ٹرانسپورٹ سندھ اویس قادر شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سیکریٹری ٹرانسپورٹ اور آر ٹی سیکریٹری سے رپورٹ طلب کرلی۔

انہوں نے تمام اسکولوں کی گاڑیوں کی فٹنس چیک کرنے کی ہدایت دے دی اور ساتھ ہی ان گاڑیوں کا پرمٹ منسوخ کرنے کی بھی ہدایت کردی جو چلنے کے قابل نہیں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: گجرات: اسکول وین میں سیلنڈر پھٹنے سے سترہ بچے ہلاک

ڈان نیوز کی رپورٹ میں ترجمان وزیر ٹرانسپورٹ کے حوالے سے بتایا گیا کہ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اویس قادر شاہ کا کہنا تھا کہ اسکول وین کو آگ کیسے لگی، تحقیقات کرکے 2 دن میں رپورٹ دی جائے۔

خیال رہے کہ گاڑیوں میں گیس سلینڈر کی لیکیج کے باعث پیش آنے والے آتشزدگی کے واقعات میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہوچکی ہیں جبکہ اسکول وینز کے ڈرائیوز اور گاڑیوں کے مالکان کی غفلت کے باعث سیکڑوں بچے اور دیگر افراد ہر سال اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔

اگست 2017 میں کراچی کے علاقے گارڈن میں وین میں آتشزدگی کے نتیجے میں پکنک پر جانے والے بد نصیب خاندان کے 6 افراد جھلس کر جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے تھے۔