جنوبی افریقہ کی وکٹیں ٹیسٹ کرکٹ کیلئے موزوں نہیں، آرتھر
قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے ابتدائی 2 ٹیسٹ میچز کے لیے بنائی گئی وکٹ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ٹیسٹ کرکٹ کے لیے غیرموزوں قرار دے دیا۔
سنچورین میں کھیلا گیا گیا سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 3 دن کے اندر ہارنے کے بعد اب کیپ ٹاؤن میں جاری سیریز کے دوسرے میچ کے اختتام پر بھی پاکستانی ٹیم شکست کے خطرے سے دوچار ہے۔
مزید پڑھیں: کیپ ٹاؤن میں پاکستانی باؤلرز بے بس، جنوبی افریقہ کی برتری 205رنز
مکی آرتھر نے کہا کہ 10 سال میں، جب وہ جنوبی افریقہ کی ٹیم کے کوچ تھے، کے مقابلے میں وکٹوں کا معیار کافی گر گیا ہے۔
کیپ ٹاؤن میں جاری سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھی پاکستانی ٹیم 177 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی جس کے جواب میں فاف ڈیو پلیسی کی سنچری کی بدولت جنوبی افریقہ نے 6 وکٹ کے نقصان پر 382 رنز بنا کر سیریز میں 205 رنز کی برتری حاصل کی۔
مکی آرتھر نے تسلیم کیا کہ جنوبی افریقہ کی ٹیم کے اسکور سے پچ کے معیار سے متعلق ان کے دعوے کو تقویت نہیں ملتی لیکن ان کا ماننا ہے کہ یہ وکٹیں منصفانہ اور متوازن مقابلے کے لیے نہیں بنائی گئیں۔