کھیل

عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کاکا اور لوئس فیگو کا پاکستان آنے کا اعلان

دونوں کھلاڑی کراچی میں پرل کانٹیننٹل میں خصوصی تقریب میں شرکت اور لاہور کے پیکیجز مال میں پرستاروں سے ملاقات کریں گے۔

ورلڈ سوکر اسٹارز ایونٹ کے منتظمین نے اعلان کیا ہے کہ بین الاقوامی اسٹار فٹ بالرز لوئس فیگو اور کاکا 10 جنوری کو پاکستان پہنچیں گے۔

پرتگال کے لوئس فیگو اور برازیل کے کاکا پاکستان آمد کے بعد کراچی میں ورلڈ سوکر اسٹارز ایونٹ کا افتتاح کریں گے۔

مزید پڑھیں : عالمی کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کا چیمپیئن کون؟ فیصلہ آج ہو گا

ریئل میڈریڈ کلب کے ساتھ کھلاڑیوں کو برطانیہ کی کھیل اور ایونٹ مینیجمنٹ کمپنی ٹَچ اسکائی گروپ کی جانب سے مدعو کیا گیا ہے۔

اسی کمپنی نے سال 2017 میں ایک علیحدہ نمائش میں رونالڈینو اور دیگر کھلاڑیوں کو بھی پاکستان مدعو کیا تھا۔

دونوں اسٹار کراچی میں پرل کانٹیننٹل ہوٹل میں خصوصی تقریب میں شرکت کریں گے جس کے بعد لاہور کے پیکیجز مال میں ایک تقریب میں پرستاروں سے ملاقات کریں گے۔

منتظمین نے ایک نیوز ریلیز میں بتایا کہ ’ یہ دورہ کراچی اور لاہور کے شہریوں بالخصوص فٹ بال کے پرستاروں کو لوئس فیگو اور کاکا کی جھلک دیکھنے کا موقع فراہم کرے گا‘۔

یہ بھی پڑھیں : فٹبال ورلڈ کپ کی تاریخ کے چند ہیروز اور ولنز

برزیلین اسٹار کاکا نے کہا کہ ’میں پاکستان کا دورہ کرنے اور ملک میں فٹ بال کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کرنے پر خوش ہوں ، میں کبھی پاکستان نہیں گیا لہٰذا میں بہت زیادہ پُرجوش ہوں‘۔

پرتگال کے لوئس فیگو کا کہنا تھا ’میں ایشیا کے ایک اور ملک میں فٹ بال کو ابھرتے ہوئے دیکھنے کے لیے پُرجوش ہوں، میں پُریقین ہوں کہ 22 کروڑ کی اس آبادی میں اپنی فٹ بال کو عالمی منظرنامے پر لانے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے‘۔