شادی کے 11 سال بعد ایشوریا رائے کا ابھیشک بچن سے متعلق اہم انکشاف
بولی وڈ اداکارہ اور سابق حسینہ عالم ایشوریا رائے اب اگرچہ ادھیڑ عمری میں پہنچ چکی ہیں، تاہم تاحال وہ لاکھوں دلوں کی دھڑکن ہیں۔
ایشوریا رائے کے شوہر ابھیشک بچن بھی اگرچہ اچھے اداکار ہیں، تاہم انہیں اپنی اہلیہ جیسی شہرت حاصل نہیں۔
ان دونوں کی شادی پر جہاں عام لوگ حیران ہوئے تھے، خود کئی بولی وڈ شخصیات بھی حیران رہ گئی تھیں اور سب کا خیال تھا کہ ان کی شادی کامیاب نہیں ہوسکے گی۔
یہ بھی چہ مگوئیاں ہوتی رہتی ہیں کہ ابھیشک بچن کو اپنی اہلیہ ایشوریا اور والد امیتابھ بچن کی وجہ سے فلموں کی اچھی پیش کش موصول ہوتی ہیں۔
اگرچہ اب ایشوریا رائے اور ابھیشک بچن کی شادی کو 11 سال سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے اور دونوں کو ایک 6 سالہ بیٹی بھی ہے، تاہم اب تک ان کی محبت اور شادی کے حوالے سے باتیں ہوتی رہتی ہیں۔
حال ہی میں ایشوریا رائے نے اپنی شادی کے 11 سال مکمل ہونے کے بعد اہم انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ کس طرح ابھیشک بچن نے انہیں شادی کی پیش کش کی اور اس پر اداکارہ کے ساتھی اداکاروں کا کیا رد عمل تھا۔
ڈی این اے انڈیا نے بتایا کہ ایشوریا رائے نے فلم فیئر سے بات کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ ابھیشک بچن نے انہیں شادی کی پیش کش ایک ایسے وقت میں کی، جب وہ دلہن کے لباس میں فلم کی شوٹنگ کر رہی تھیں۔