سعودی عرب کی درخواست پر نیٹ فلیکس نے متنازع مزاحیہ پروگرام ہٹا دیا
آن لائن اسٹریمنگ ویب سائیٹ کے کامیڈی پروگرام میں سعودی حکومت اور شہزادے پر مزاحیہ باتیں کی گئی تھیں۔
آن لائن انٹرٹینمنٹ اسٹریمنگ ویب سائیٹ ’نیٹ فلیکس‘ نے اپنا وہ مزاحیہ پروگرام سعودی عرب صارفین کے لیے ہٹا دیا، جس میں ولی عہد شہزادہ سلمان بن محمد کا مذاق اڑایا گیا تھا۔
نیٹ فلیکس پر چلنے والے اسٹینڈ اپ کامیڈی پروگرام ’پیٹرائٹ ایکٹ‘ کی ایک قسط میں میزبان حسن منہاج نے سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کو نشانہ بنایا تھا۔
پروگرام کی یہ قسط گزشتہ برس 28 اکتوبر کو ریلیز کی گئی تھی، تاہم اب اسے سعودی عرب کے نیٹ فلیکس سے ہٹا دیا گیا۔
خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق نیٹ فلیکس انتظامیہ نے سعودی عرب کی حکومت کی جانب سے ملنے والے قانونی نوٹس اور شکایت کے بعد اسے ہٹا دیا۔
نیٹ فلیکس انتطامیہ نے پروگرام کو سعودی عرب میں ہٹانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ اظہار رائے کی آزادی پر مکمل یقین رکھتا ہے۔