’سمبا‘ کے ساتھ روہت شیٹھی نے تمام بولی وڈ ڈائریکٹرز کو پیچھے چھوڑ دیا
بولی وڈ فلم ساز روہت شیٹھی اپنی حال ہی میں ریلیز فلم ’سمبا‘ کے ساتھ اپنے لیے ایک نیا ریکارڈ قائم کردیا۔
فلم سمبا کی ریلیز کے ساتھ ہی روہت شیٹھی ہندی سینما کے وہ پہلے ہدایت کار بن چکے ہیں، جن کی 8 فلمیں 100 کروڑ کلب کا حصہ بنی۔
28 دسمبر 2018 کو سینما اسکرینز پر نمائش کے لیے پیش کی گئی فلم ’سمبا‘ نے اپنی ریلیز کے صرف 5 روز میں ہی 124 کروڑ بھارتی روپے کمائے۔
بھارتی تجزیہ کار ترن آدرش کے مطابق روہت شیٹھی وہ واحد ہدایت کار ہیں جن کی 8 فلمیں لگاتار باکس آفس پر 100 کروڑ بھارتی روپے سے زیادہ کما چکی ہوں۔
مزید پڑھیں: ’سمبا‘ 100 کروڑ کلب میں شامل
روہت شیٹھی کو بولی وڈ کا مصالحہ مووی میکر کہا جاتا ہے، جن کی متعدد فلمیں ناظرین کو اسکرینز پر محظوظ کرچکی ہیں۔
فلم ’سمبا‘ روہت شیٹھی کی فلم سیریز ’سنگھم‘ کے ہی انداز کو آگے بڑھا رہی ہے۔
فلم ’سمبا‘ کے مرکزی اداکار رنویر سنگھ نے بھی اپنے انسٹاگرام پر روہت شیٹھی کو سراہتے ہوئے انہیں بلاک بسٹر کنگ بلایا۔
خیال رہے کہ سنگھم روہت شیٹھی کی واحد کامیاب فلم سیریز نہیں۔
مزاحیہ فلم سیریز ’گول مال‘ کی ہر ایک فلم بھی ایک کے بعد ایک باکس آفس پر کامیاب ثابت ہوئی۔
روہت شیٹھی ’دل والے‘، ’چنائے ایکسپریس‘ جیسی کامیاب فلمیں بھی بنا چکے ہیں۔
کامیاب ہدایت کار کی 100 کروڑ کلب کا حصہ بننے والی 8 فلمیں یہ ہیں:
گول مال 3
2010 میں سامنے آئی اس مزاحیہ فلم نے 108 کروڑ بھارتی روپے کمائے تھے، فلم میں اجے دیوگن، ارشد وارثی، کرینہ کپور اور تشار کپور نے اہم کردار نبھائے تھے۔
سنگھم
فلم سنگھم 2011 میں ریلیز ہوئی تھی، اس فلم میں اجے دیوگن نے پولیس اہلکار کا کردار نبھایا تھا، فلم نے 100 کروڑ سے زائد کماکر سب کو حیران کردیا تھا۔
بول بچن
2012 میں ریلیز ہوئی مزاحیہ فلم ’بول بچن‘ میں ابھیشیک بچن اور اجے دیوگن نے اہم کردار نبھائے، اس فلم نے 102 کروڑ بھارتی روپے حاصل کیے تھے۔
چنائے ایکسپریس
شاہ رخ خان اور دپیکا پڈوکون نے 2013 کی اس کامیڈی رومانوی فلم میں کام کیا تھا، فلم نے بھارت میں 200 کروڑ جبکہ دنیا بھر میں 400 کروڑ روپے کمائے تھے۔
سنگھم ریٹرنز
2014 کی اس فلم میں اجے دیوگن واپس پولیس اہلکار بنے، فلم نے اپنی پہلی فلم سے بھی زیادہ کمائی کرتے ہوئے 140 کروڑ بھارتی روپے کمائے۔
دل والے
2015 میں ریلیز ہوئی فلم دل والے میں شاہ رخ خان اور ورن دھون نے بھائیوں کا کردار نبھایا، جبکہ ان کا ساتھ کاجول اور کریتی سنن نے دیا، فلم نے 140 کروڑ روپے بھارت میں جبکہ 400 کروڑ روپے سے زائد دنیا بھر میں کمائے۔
گول مال اگین
مزاحیہ کامیڈی سیریز کی ایک اور فلم گول مال اگین 2017 میں سامنے آئی، فلم نے 200 کروڑ سے زائد بھارت میں کمائے۔
سمبا
2018 میں ریلیز ہوئی فلم ’سمبا‘ میں رنویر سنگھ نے سارہ علی خان کے ساتھ کام کیا، فلم اب تک 139 کروڑ بھارتی روپے سے زائد کما چکی ہے۔