ایک اداکار کو کاسٹ نہ کرنے پر فلم ٹیم کو 10 ارب روپے کی بچت
اس میں کوئی شک نہیں کہ وہ فلمیں ہی زیادہ پیسے بٹورتی ہیں، جن میں کامیاب اداکار شاندار اداکاری دکھاتے ہیں۔
ہولی وڈ کی فلمیں کروڑوں نہیں بلکہ اربوں اور کھربوں روپے کی کمائی کرتی ہیں اور کچھ فلمیں تو ایسی بھی ہیں جن میں کام کرنے والے اداکاروں کی فیس بھی اربوں روپے ہوتی ہے۔
اکتوبر2018 میں یہ خبر سامنے آئی تھی کہ ہولی وڈ کی معروف فنٹیسی سواش بکلرفلم سیریز ’پائریٹس آف دی کیریبیئن‘ کی چھٹی فلم میں اداکار جونی ڈیپ کو کاسٹ نہیں کیا جائے گا۔
فلم کی ٹیم نے اگرچہ جونی ڈیپ کو ’پائریٹس آف دی کیریبیئن‘ کی بننے والی مزید فلموں میں کیپٹن جیک اسپیرو کے کردار کے لیے کاسٹ نہ کرنے کی تصدیق کی تھی۔
تاہم فلم کی ٹیم نے یہ نہیں بتایا تھا کہ جونی ڈیپ کی فلم سے چھٹی کیوں کردی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: جونی ڈیپ اب ’کیپٹن جیک اسپیرو’ نہیں بن پائیں گے
اگرچہ تاحال یہ بات سامنے نہیں آئی کہ فلم کی ٹیم نے آخر کار جونی ڈیپ کو کاسٹ نہ کرنے کا فیصلہ کیوں کیا، تاہم اب ایک حیران کن خبر سامنے آئی ہے کہ فلم میں اداکار کو کاسٹ نہ کرنے پر ٹیم کو کم سے کم پاکستانی 10 ارب روپے کی بچت ہوگی۔