ترکی کے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے، وزیر اعظم
وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور ملک میں پاکستان میں ترکی کے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔
ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق انقرہ میں ترکی کی یونین آف چیمبرز اینڈ کماڈٹی کے بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ 'پاکستان اور ترکی کے درمیان دوطرفہ تجارت کو اعلیٰ سطح تک بڑھانا وقت کی اہم ضرورت ہے، پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور ملک میں پاکستان میں ترکی کے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے'۔
انہوں نے کہا کہ 'پاکستان میں پاک ۔ چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے باعث شاندار تجارت اور اقتصادی سرگرمیاں شروع ہوئی ہیں، جبکہ اس اہم منصوبے کے تحت خصوصی اقتصادی زونز قائم کیے جارہے ہیں۔'
ان کا کہنا تھا کہ حکومت ملک میں اچھے نظم و نسق پر توجہ مرکوز کر رہی ہے اور ہم پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے تجارتی سہولتوں کو یقینی بنارہے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں سیاحت کے شعبے میں وسیع مواقع موجود ہیں اور ملک میں دنیا کی 20 بلند ترین چوٹیاں موجود ہیں جس سے بین الاقوامی کوہ پیمائی کے مواقع کا پتا چلتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 12کروڑ نوجوان موجود ہیں جو ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ آئندہ پانچ برس کے دوران ملک میں 50 لاکھ سستے گھر تعمیر کیے جائیں گے۔
قبل ازیں وزیراعظم عمران خان قونیہ سے انقرہ پہنچے جہاں انہوں نے ترکی کی وزیر تجارت رہسار پیک جان نے ملاقات کی۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
صوفی بزرگ حضرت جلال الدین رومی کے مزار پر حاضری
وزیر اعظم عمران خان ترک صدر رجب طیب اردوان کی دعوت پر دو روزہ سرکاری دورے پر ترکی کے شہر قونیہ پہنچے تھے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی 'اے پی پی' کے مطابق وزیر اعظم وفد کے ہمراہ سرکاری دورے ترکی کے شہر قونیہ پہنچے جہاں ایئرپورٹ پر قونیہ کے گورنر، ڈپٹی میئر اور ترکی میں تعینات پاکستانی سفیر سائرس سجاد قاضی نے ان کا استقبال کیا۔