کھیل

کیپ ٹاؤن میں 3 فاسٹ باؤلر، ایک اسپنر، 6 بلے باز ٹیم میں ہوں گے، سرفراز

محمد عباس دوسرے ٹیسٹ کے لیے فٹ ہیں، اگربیٹنگ اگرزیادہ رنزبنا دیتی ہے تو ہمارے باؤلرز ہدف کا دفاع کرسکتے ہیں، کپتان

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں فاسٹ باؤلر محمد عباس کی واپسی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مسلسل کھیلتے رہے تو کامیاب باؤلر ہوں گے جبکہ کیپ ٹاؤن میں یاسر شاہ کو مدد ملے گی۔

کیپ ٹاؤن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ دوسرے ٹیسٹ میچ میں 6 بلے بازوں کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ہماری بیٹنگ اگرزیادہ رنزبنا دیتی ہے تو ہمارے باؤلرز ہدف کا دفاع کرسکتے ہیں۔

سرفراز احمد نے کہا کہ کیپ ٹاؤن کی وکٹ کو دیکھ کر لگ رہا ہے اس میں یاسرشاہ کو مدد ملےگی اور ہم ایک اسپنر کے علاوہ 3 فاسٹ باؤلرز کو بھی شامل کریں گے۔

فاسٹ باؤلر محمد عباس کی ٹیم میں واپسی کا عندیہ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ محمدعباس مسلسل کھیلتے رہے تو فیلنڈرزجیسے کامیاب باؤلر رہیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:حارث سہیل انجری کے باعث دورہ جنوبی افریقہ سے باہر

قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ مڈل آرڈر بلےباز حارث سہیل زخمی ہو کر سیریز سے باہر ہوچکے ہیں جبکہ محمدعباس میچ کے لیے فٹ ہیں۔

قبل ازیں حارث سہیل گھٹنے کی انجری کے باعث سنچورین میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں بھی ٹیم کا حصہ نہیں تھے اور دوسرے ٹیسٹ سے قبل ہی انہیں سیریز سے باہر کردیا گیا۔

حارث سہیل جلد وطن واپس آئیں گے اور ضرورت کے مطابق نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں سرجن سے علاج کروائیں گے جبکہ سیریز میں ان کے متبادل کا اعلان بھی کیا جائے گا۔