پاکستان

’وزیر اعلیٰ سندھ 20 سے 25 روز میں مستعفی ہوجائیں گے‘

ہم یہاں اداروں کو جگانے اور آپ کو یہ بتانے آئے ہیں کہ حکومت کا یہی رویہ رہا تو ہم اسے چلنے نہیں دیں گے، پی خرم شیر زمان

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ 20 سے 25 روز میں اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیں گے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خرم شیرزمان نے سندھ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 11 سال سے وزیر اعلیٰ ہاؤس میں شکایتی مرکز قائم ہے، مراد علی شاہ کو جواب دینا ہوگا کہ انہوں نے عوام کی کتنی شکایات اور مسائل کو حل کیا ہے۔

مزید پڑھیں: مراد علی شاہ کا استعفیٰ چاہیے تو آغاز خیبرپختونخوا سے کریں، رضا ربانی

ان کا کہنا تھا کہ عوام کو پینے کا پانی نہیں ملتا، روزگار، تعلیم، صحت، سیکیورٹی، ٹرانسپورٹ سمیت تمام امور کا برا حال ہے جبکہ حکومت کہیں نطر نہیں آتی۔

انہوں نے کہا کہ ’ہم یہاں اداروں کو جگانے آئے ہیں اور یہ بتانے آئے ہیں کہ آپ کا حکومت چلانے کا یہی رویہ رہا تو ہم آپ کو چلنے نہیں دیں گے‘۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم پاکستان نے سٹیزن پورٹل پاکستان بنایا تھا جس پر صوبہ سندھ کے پورٹل پر اب تک 18 سے 20 ہزار شکایات ملی ہیں تاہم سندھ حکومت نے ان میں سے صرف 900 شکایات پر کارروائی کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ میں وزیراعلیٰ کی تبدیلی چاہتے ہیں،گورنر راج نہیں، وزیر اطلاعات

چیف سیکریٹری سندھ سے ملاقات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ہم کراچی کے مسائل کے حل کے لیے چیف سیکریٹری کے پاس آئے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاسی اختلاف اپنی جگہ عوام کے مسائل مل کر حل کرنا چاہتے ہیں۔

وزیر اعلیٰ سندھ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’دودھ کی رکھوالی کے لیے بلے کو نہیں بٹھایا جاسکتا‘۔

انہوں نے کہا کہ ’مراد علی شاہ کے وزیر اعلیٰ کے عہدے پر رہتے ہوئے خدشہ ہے کہ وہ اپنے خلاف تمام ثبوتوں کو تباہ کردیں گے‘۔