2019 میں ذہنی صحت کو بہتر بنانے میں مددگار آسان طریقے
2019 کا آغاز ہوگیا ہے اور اب وقت ہے کہ آپ ماضی کو دیکھتے ہوئے آنے والے سال کے لیے اپنے مقاصد کا تعین کریں۔
تاہم تمباکو نوشی ترک کرنے یا میٹھا کم کھانے کا فیصلہ کرنے سے پہلے آپ اپنی ذہنی صحت کے بارے میں کوئی فیصلہ کیوں نہیں کرتے؟
رواں برس چند سادہ چیزوں کے ذریعے آپ اپنی ذہنی صحت اور خوشی کو آسانی سے بہتر بناسکتے ہیں۔
اپنی پروا کریں
زندگی میں اتنے مصروف نہ ہوجائیں کہ زندگی سے لطف اندوز ہونا بھول جائیں، جو کچھ بھی کریں اپنی ذات کو بھی یاد رکھیں، تمام معاملات ، اپنے پیاروں وغیرہ کے لیے اپنی ترجیحات کا دوبارہ تعین کریں، یہ جانیں کہ کونسی غلطیاں اور دھچکے ایسے تھے جو سیکھنے کے عمل میں رکاوٹ بنیں۔ مختلف تحقیقی رپورٹس کے مطابق خود پر مسلسل تنقید اور مثالیت پسندی نہ صرف تناﺅ بڑھانے اور تخلیقی صلاحیت میں رکاوٹ بنتی ہے بلکہ ذہنی امراض جیسے ڈپریشن یا بسیار خوری کا باعث بن سکتے ہیں۔ اپنی خوبیوں کے ساتھ خامیوں کو تسلیم کرنے کے ساتھ حقیقت پسندانہ مقاصد اور توقعات طے کرنا ذہنی صحت کو بہتر بناتا ہے۔
مزید پڑھیں : 8 ایسی عادتیں جو تبدیل کرسکتی ہیں آپ کی زندگی
مراقبہ
مراقبے کے متعدد فوائد ہیں جو سائنس سے بھی ثابت ہوچکے ہیں، یعنی ذہنی تناﺅ سے نجات دلانے کے ساتھ ساتھ یہ عادت توجہ مرکوز کرنے کی صلاحیت میں بہتری، مزاج پر مثبت اثرات، یاداشت بہتر بنانے اور اچھی نیند جیسے فوائد کا باعث بھی بنتی ہے، ہر صبح 10 منٹ کا مراقبہ ان تمام فوائد کے حصول کے لیے کافی ہے۔
فطرت میں گھومنا
کہیں لمبی چہل قدمی میں جائیں، کسی پارک کی فضا میں سانس لیں یا جو بھی کریں، گھر سے باہر کھلے آسمان تلے وقت گزارنا ذہنی صحت کے لیے انتہائی فائدہ مند ہوتا ہے۔ قدرت کے ساتھ تعلق تناﺅ اور ذہنی بے چینی کم کرتا ہے، مزاج خوشگوار بناتا ہے، خوداعتمادی بڑھاتا ہے، تخلیقی صلاحیت بہتر بنانے کے ساتھ یاداشت کو بھی فائدہ پہنچاتا ہے۔
واضح ترجیحات
اس نئے سال میں اپنی ترجیحات پر غور کرکے انہیں دوبارہ طے کریں اور پھر اپنی توانائیاں اس پر خرچ کریں، ذاتی اور پروفیشنل زندگی کے پانچ سے چھ مقاصد کی فہرست بنالیں اور پھر ان کے لیے اپنی ترجیحات کا تعین کریں، اس سے آپ کو مقاصد کے لیے حصول کے لیے پرعزم رہنے میں مدد ملے گی، توجہ مرکوز کرنا آسان ہوگا جبکہ نتائج کا حصول زیادہ کوشش کے بغیر آسان ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں : وہ غلطیاں جو 30 سال کی عمر کے بعد اکثر افراد کرتے ہیں
مناسب نیند
نیند کی کمی اور دماغی صحت کے مسائل میں تعلق موجود ہے، مناسب نیند سے یاداشت، ذہنی چوکنا پن اور تخلیقی صلاحیتیں بہتر ہوتی ہیں۔ اچھی صحت کے لیے 7 سے 8 گھنٹے کی نیند ضروری ہوتی ہے اور زیادہ وقت تک کم نیند کے نتیجے میں ذہنی بے چینی، ذہنی تھکاوٹ اور جسمانی وزن بڑھتا ہے جبکہ امراض قلب، ڈپریشن اور جسمانی مدافعتی نظام کو بھی خطرات لاحق ہوجاتے ہیں۔