رشی کپور کو کینسر کی تشخیص؟
گزشتہ برس بولی وڈ میں متعدد اداکار کینسر کا شکار ہوئے، تاہم کچھ اداکاروں سے متعلق افواہیں بھی چلتی رہیں۔
سال 2018 میں جہاں مارچ میں بولی وڈ اداکار عرفان خان نیورو اینڈوکرائن ٹیومر میں مبتلا ہوگئے تھے، وہیں اداکارہ سونالی باندرے بھی کینسر کا شکار ہوئی تھیں۔
اسی طرح بولی وڈ اداکار آیوشمن کھرانہ کی اہلیہ طاہرہ کشیپ کو بھی بریسٹ کینسر لاحق ہوا تھا جب کہ ماضی کی مقبول اداکارہ نفیسہ علی کو بھی کینسر لاحق ہوا تھا۔
ورسٹائل اداکار رشی کپور کے حوالے سے بھی گزشتہ برس اکتوبر میں یہ خبر سامنے آئی تھی کہ انہیں کینسر لاحق ہوگیا، تاہم ان کے اہل خانہ نے اس کی تردید کی تھی۔
اگرچہ اداکار کے اہل خانہ نے کینسر کی تردید کی تھی، تاہم اس بات کی تصدیق کردی گئی تھی کہ انہیں کوئی نامعلوم بیماری لاحق ہوگئی ہے اور وہ علاج کے لیے امریکا جائیں گے۔
رشی کپور اکتوبر 2018 سے ہی امریکا میں مقیم ہیں اور ان کا علاج جاری ہے۔
دوران علاج رشی کپور نے کینسر کا شکار سونالی باندرے سے بھی ملاقات کی تھی، جب کہ دیگر اداکار بھی رشی کپور سے ملنے وہاں پہنچے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: رشی کپور بھی کینسر کا شکار؟
سال نو کے موقع پر رشی کپور کی اہلیہ اداکارہ نیتو کپور نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں کینسر کا ذکر کیا، جس کے بعد یہ چہ مگوئیاں ہونے لگی ہیں کہ رنبیر کپور کے والد کو کینسر کی تشخیص ہوگئی۔
نیتو کپور کی جانب سے شیئر کی گئی تصویر میں رشی کپور کو اپنے بیٹے رنبیر کپور، بیٹھی رادھما کپور اور ان کے شوہر، اہلیہ اور ممکنہ طور پر ہونے والی بہو عالیہ بھٹ کے ساتھ دیکھا جاسکتا ہے۔
اگرچہ نیتو کپور نے یہ تصویر سال نو کا جشن منانے اور اسے خوش آمدید کہنے کے لیے شیئر کی، تاہم انہوں نے اس کو شیئر کرتے ہوئے معنیٰ خیز کیپشن دیا، جس سے بھارتی میڈیا میں چہ مگوئیاں ہونے لگیں۔
نیتو کپور نے اپنے کیپشن میں لکھا کہ نئے سال سے ہم بہتری کی امیدیں ہی کر سکتے ہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ سال 2019 بھارت میں ماحولیاتی آلودگی اور کینسر کے علاج اور تحفظ کے حوالے سے اچھا ثابت ہوگا۔
نیتو کپور کی جانب سے تصویر میں کینسر کے تحفظ کی امید رکھنے والے جملے لکھنے کی وجہ سے بھارتی میڈیا میں یہ چہ مگوئیاں ہونے لگیں کہ رشی کپور کو بھی کینسر تشخیص ہوگئی اور ان کا علاج جاری ہے۔
تاہم بھارتی میڈیا میں ایسی چہ مگوئیاں ہونے کے بعد تاحال رشی کپور کے اہل خانہ اس پر کوئی رد عمل نہیں دیا اور نہ ہی اس کی وضاحت کی ہے کہ اداکار کو کیا بیماری لاحق ہے۔
رشی کپور کی طرح نوجوان اداکار شاہد کپور کے حوالے سے بھی گزشتہ ماہ یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ انہیں کینسر لاحق ہوگیا۔
تاہم شاہد کپور نے جلد ہی اس کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایسی خبروں میں کوئی سچائی نہیں۔